سابق وزیراعظم نواز شریف کو تحائف کی صورت میں ایک ارب سے زائد روپے منتقل ہونے کا انکشاف

حسین نواز نے اپنے والد کو ایک ارب 16 کروڑ 56 لاکھ 55 ہزار 303 روپے تحفے میں دئیے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 11 ستمبر 2019 13:45

سابق وزیراعظم نواز شریف کو تحائف کی صورت میں ایک ارب سے زائد روپے منتقل ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 ستمبر 2019ء) : سابق وزیراعظم نواز شریف کو دئے جانے والے تحائف کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں جن میں انکشاف ہوا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو تحائف کی صورت میں اربوں روپے منتقل کیے گئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز نے اپنے والد کو ایک ارب 16 کروڑ 56 لاکھ 55 ہزار 303 روپے تحفے میں دئیے۔

دستاویزات کے مطابق حسین نواز نے 12 لاکھ 67 ہزار 568 یورو کی مد میں اپنے والد نواز شریف کو دئیے۔ سابق وزیراعظم کو ڈالرز کی صورت میں ایک کروڑ ایک لاکھ 47 ہزار، 755 تحفے کی طور پر دئیے گیے۔ حسین نواز نے یہ رقوم نواز شریف کو 2010ء سے 2017ء کے دوران منتقل کیں۔ نواز شریف کو 2010-2011ء میں 21 کروڑ 68 لاکھ 89 ہزار سے زائد کی رقم تحفے میں دی گئی۔

(جاری ہے)

دستاویزات کے مطابق نواز شریف کو 2014-2015ء میں 38 کروڑ 64 لاکھ 34 ہزار کی رقم حسن نواز نے تحفے کی صورت میں منتقل کی۔

2015ء، 2016ء اور 2017ء میں نواز شریف کو تحائف کی صورت میں 56 کروڑ 23 لاکھ 26 ہزار کی رقم منتقل ہوئیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو بھی گذشتہ 6 سالوں میں 79 کروڑ روپے سے زائد کے تحائف ملنے کا انکشاف ہوا تھا اور تحائف وصول کرتے کرتے مریم نواز کروڑوں روپے کی مالک بن گئی تھیں۔ انہیں بھی 6 سال کے دوران 79 کروڑ 42 لاکھ 60 ہزار کی رقم اپنے والد نواز شریف اوراپنے دونوں بھائیوں حسن نواز اور حسین نواز سے تحفے میں ملتی رہی۔ واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور مریم نواز پر منی لانڈرنگ کے الزامات بھی عائد ہیں جس کی وجہ سے ان کو موصول ہونے والے تحائف ، ذرائع آمدن اور ان کی آمدنی سمیت اثاثہ جات سے متعلق بھی چھان بین کی جا رہی ہے۔