Live Updates

چینی وزیرخارجہ کے اعلامیہ میں مقبوضہ کشمیر کاحوالہ

بھارت انگاروں پر لوٹنے لگا‘پاکستان اور چین سے سی پیک منصوبے بند کرنے کا مطالبہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ ستمبر 13:57

چینی وزیرخارجہ کے اعلامیہ میں مقبوضہ کشمیر کاحوالہ
نئی دہلی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔11 ستمبر۔2019ء) چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی کے 7 اور 8 ستمبر کے پاکستان کے دورے کے بعد مشترکہ اعلامیہ میں مقبوضہ کشمیر کا حوالہ دینے پر بھارت نے تشویش کا اظہار کردیا ہے. بھارتی جریدے ”دی ہندو‘ ‘ کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے پاک چین مشترکہ اعلامیے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کو آزاد کشمیر میں پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) سے متعلقہ سرگرمیاں بند کرنی چاہیے.

انہوں نے کہا کہ ہم چینی وزیر خارجہ کے حالیہ دورے کے دوران چین اور پاکستان کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے میں جموں و کشمیر کا حوالہ مسترد کرتے ہیں، جموں و کشمیر بھارت کا اہم حصہ ہے.

(جاری ہے)

رویش کمار نے کہاکہ بھارت نے پاکستان اور چین دونوں کو آزاد جموں و کشمیر میں سی پیک کے منصوبوں پر تشویش کا اظہار کرچکا ہے جو بھارت کا حصہ ہے اور اس پر غیر قانونی طور پر پاکستان نے 1947 سے قبضہ کر رکھا ہے.

انہوں نے کہا کہ ہم تمام متعلقہ جماعتوں سے اس طرح کے کام کو بند کرنے کی درخواست کرتے ہیں‘پاکستان اور چین نے 8 ستمبر کو مشترکہ اعلامیہ جاری کیا تھا جس میں کہا گیا کہ چینی اور پاکستانی فریقین نے اتفاق کیا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) ون بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا بنیادی حصہ ہے اور ترقی کے نئے مرحلے میں داخل ہوگیا ہے. پاکستانی اور چینی فریقین نے اتفاق کیا کہ ایک پرامن، مستحکم اور خوشحال جنوبی ایشیا، تمام فریقین کے مشترکہ مفاد میں ہے، اس سلسلے میں فریقین کو خطے میں موجود تنازعات اور مسائل کو باہمی احترام اور برابری کی سطح پر مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت ہے.

دونوں اطراف سے سی پیک کی تعمیرات، موجودہ منصوبوں کو وقت پر مکمل کرنے اور ساجی و اقتصادی ترقی پر توجہ دینا، روزگار پیدا کرنا اور بہتر زندگی کو مزید آگے بڑھانے پر رضامندی کا اظہار کیا جبکہ صنعتی پارکس اور زراعت میں تعاون کو بڑھانے پر بھی آمادگی کا اظہار کیا گیا. اعلامیے میں کہا گیا کہ دونو ں فریقین نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا‘وانگ ژی سے ملاقات میں پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال، اپنے تحفظات اور انسانی حقوق کے مسائل سے آگاہ کیا.

چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال پر پوری توجہ دے رہے ہیں، کشمیر تاریخ کا ایک تنازع ہے جسے اقوام متحدہ کے منشور، سلامتی قونصل کی متعلقہ قراردادوں اور دو طرفہ معاہدوں کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے.
تنازعہ مقبوضہ کشمیر کی بھڑکتی ہوئی آگ سے متعلق تازہ ترین معلومات