Live Updates

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی میچل بشلٹ سے ملاقات ، مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال سے آگاہ کیا

اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق میچل بشلٹ کا مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار

بدھ ستمبر 14:12

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی میچل بشلٹ سے ملاقات ، مقبوضہ کشمیر کی ..
جنیوا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2019ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جنیوا میں اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کی کمشنر میچل بشلٹ سے ملاقات کی جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کے بتالیسویں اجلاس کے آغاز میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف بھرپور آواز بلند کرنے اور کرفیو اور لاک ڈاؤن کے خاتمے کا مطالبہ کرنے پر انسانی حقوق کمشنر میچل بشلٹ کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر خارجہ نے کہاکہ آپ کے بیان سے بھارتی جبرو استبداد کا شکار مقبوضہ جموں و کشمیر کے لاکھوں انسانوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ۔ انہوںنے کہاکہ بھارت نے پانچ اگست سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ظلم و بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے مسلسل کرفیو کے سبب ادویات اور خوراک تک میسر نہیں ہو رہیں جس کے باعث ہسپتال ، قبرستانوں میں تبدیل ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ اقوام متحدہ انسانی حقوق کمشنر کی طرف سے یکے بعد دیگرے سامنے آنے والی دو رپورٹس نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کا پردہ چاک کر دیا ہے مگر ہندوستان آج بھی اسی روش پر قائم ہے ۔انہوںنے کہاکہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کئے گئے یکطرفہ اقدامات نہ صرف بین الاقوامی قوانین کے منافی ہیں بلکہ اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کی بھی صریحاً خلاف ورزی ہیں ۔

وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمشنر سے ہونیوالی ٹیلیفونک گفتگو اور بعد ازاں ارسال کئے گئے دو مراسلوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو منظر عام پر لانے کے لئے ہر ممکن کوشش کی ہے ۔اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق میچل بشلٹ نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر سمجھوتا نہیں کیا جا سکتا ہے یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اپنے بیان میں دو ٹوک انداز میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی بحالی اور کرفیو کے فی الفور اٹھائے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔
تنازعہ مقبوضہ کشمیر کی بھڑکتی ہوئی آگ سے متعلق تازہ ترین معلومات