بھارت لوگوں سے جینے کا حق نہ چھینے اور مقبوضہ کشمیر میں فوری کرفیو اٹھائے،وزیر خارجہ

ذرائع مواصلات پر پابندی کو ختم کر کے انسانی حقوق کی تنظیموں اور بین الاقوامی میڈیا کو مقبوضہ جموں و کشمیر تک رسائی دی جائے، شاہ محمود قریشی کی میڈیا سے بات چیت

بدھ 11 ستمبر 2019 14:12

بھارت لوگوں سے جینے کا حق نہ چھینے اور مقبوضہ کشمیر میں فوری کرفیو اٹھائے،وزیر ..
جنیوا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2019ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت لوگوں سے جینے کا حق نہ چھینے اور مقبوضہ کشمیر میں فوری کرفیو اٹھائے،ذرائع مواصلات پر پابندی کو ختم کر کے انسانی حقوق کی تنظیموں اور بین الاقوامی میڈیا کو مقبوضہ جموں و کشمیر تک رسائی دی جائے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ آج کا دن ہمارے لئے اور کشمیریوں کیلئے بہت اہم اور منفرد دن ہے۔

انہوںنے کہاکہ ایک تو مجھے آج اقوام متحدہ ہیومن رائٹس کونسل کے اجلاس میں موقع ملا کہ میں کچھا کھچ بھرے ہوئے حال میں دنیا بھر سے آئے ہوئے مندوبین کے سامنے پاکستانیوں اور کشمیریوں کا مقدمہ پیش کروں اور میں نے کیا۔انہوںنے کہاکہ جو سب سے اہم اور بڑی کامیابی ہمیں ملی ہے جسے میں قوم کے ساتھ شئیر کرنا چاہتا ہوں وہ یہ ہے کہ آج ہمیں ایک مشترکہ بیان حاصل کرنے میں کامیابی ہوئی ہے جس پر اٹھاون ممالک نے اپنا حصہ ڈالا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ان اٹھاون ممالک میں مختلف ریجنز سے تعلق رکھنے والے ممالک کی نمائندگی موجود ہے،ان اٹھاون ممالک نے مشترکہ بیان کے ذریعے پانچ مطالبات سامنے رکھے ہیں،ہندوستان لوگوں سے جینے کا حق نہ چھینے،کرفیو کو فی الفور اٹھایا جائے۔ انہوںنے کہاکہ ذرائع مواصلات پر پابندی کو ختم کیا جائے اور انسانی حقوق کی تنظیموں اور بین الاقوامی میڈیا کو مقبوضہ جموں و کشمیر تک رسائی دی جائے۔ انہوںنے کہاکہ سیاسی قیدیوں کو فی الفور رہا کیا جائے۔ انہوںنے کہاکہ طاقت کا بے جا استعمال سے اجتناب کیا جائے،اور ہیومن رائٹس کمشنر کے آفس سے جو دو روپورٹس سامنے آئی ہیں ان کی سفارشات پر عمل درآمد کیا جائے۔