جاپانی وزیر اعظم شینزو ایبے کا کابینہ میں ردوبدل، ایک درجن سے زائد نئے وزراء کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ

بدھ 11 ستمبر 2019 14:18

ٹوکیو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2019ء) جاپانی وزیر اعظم شینزو ایبے نے کابینہ میں ردوبدل کرتے ہوئے سابق وزیراعظم جونیچیرو کوئزومی کے بیٹے سمیت ایک درجن سے زائد نئے وزراء شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جن میں اتحادی جماعتوں کے کئی ارکان بھی شامل ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق نئی کابینہ میں 78 سالہ تارو آسو، 70سالہ سوگا،80 سالہ توشی ہیرونکائی اور فومیو کیشیدہ بھی شامل ہیں۔

کابینہ کے ارکان میں ہارورڈ یونیورسٹی کے اعلیٰ تعلیم یافتہ قانون ساز توشی مٹسو موٹیجی،56 سالہ کونو،سابق وزیر صحت کاٹسونوبوکاٹواور سابق اولمپک سپیڈ سکیٹر سیکوہاشی موٹو کو شامل کیا گیا ہے۔ سابق وزیراعظم جونیچیرو کوئزومی کے 38 سالہ بیٹے شنجیروکوئزومی جاپانی کابینہ میں تیسرے کم عمر وزیر ہوں گے جنہیں ماحولیات کا قلمدان سونپا جائے گا۔

(جاری ہے)

ذرائع ابلاغ کے مطابق شنجیروکوئزومی کو جاپانی وزیر اعظم کا خصوصی اعتماد حاصل ہے اور توقع ہے کہ 2021ء میں شینزو ایبے کی بطور سربراہ لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کی مدت ختم ہونے کے بعد شنجیرو پارٹی سربراہی کے لئے نامزد امیدواروں میں شامل ہوں گے۔ سابق جاپانی وزیر اعظم کے بیٹے گزشتہ ماہ ذرائع ابلاغ میں اس وقت خبروں کی زینت بنے تھے جب انہوں نے ایک ٹی وی پریزینٹر کرسٹل تاکی گاوا کے ساتھ شادی کا اعلان کیا تھا۔ مٹسوبشی یوایف جے مورگن سٹینلے کے چیف انوسٹمنٹ سڑیٹجسٹ نوری ہیرو فیوجیٹو نے نئی جاپانی کابینہ کے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک دوستانہ کابینہ نظر آتی ہے۔

متعلقہ عنوان :