کراٹے کا نوجوان کھلاڑی ٹرین کی ٹکر سے جاں بحق

ٹیسٹ کرکٹر کامرا ن اکمل کا محمد اعجاز کی وفات پر افسوس کا اظہار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 11 ستمبر 2019 14:21

کراٹے کا نوجوان کھلاڑی ٹرین کی ٹکر سے جاں بحق
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11ستمبر2019ء) پاکستان میں کرکٹ کے علاوہ دیگر کھیلوں کو زیادہ مقبولیت حاصل نہیں رہی ہے اور شاید یہی وجہ ہے کہ ان کھیلوں سے وابستہ کھلاڑیوں کے کارنامے عمومی طور پر زیادہ نمایاں نہیں ہو پاتے اور کوئی افسوس ناک خبر بھی زیادہ کوریج نہیں پاتی ۔ گزشتہ روز ایک معروف سپورٹس صحافی نے اپنے ٹویٹر اکاﺅنٹ سے یہ خبر شیئر کی کہ کراٹے کے کھیل سے وابستہ قومی کھلاڑی محمد اعجاز ریل گاڑی کی ٹکر کے باعث اپنے خالق حقیقی سے جاملے ہیں ،
اس خبر کی زیادہ تفصیلات تو ابھی تک سامنے نہیں آسکی ہیں تاہم اسے ملک میں کراٹے کے کھیل کے لیے بڑا نقصان قرار دیا جارہا ہے ۔

قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے بھی یہ خبر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ”اللہ تعالی مرحوم کو جنت میں بہترین مقام عطا کرے“۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ اس سے قبل6ستمبر کو قومی ٹیم کے سابق لیگ سپنر اور ”گگلی ماسٹر“ عبدالقاد ر بھی اپنے خالق حقیقی سے جاملے تھے ۔عبدالقادر نے پاکستانی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے 67 ٹیسٹ اور 104 ایک روزہ میچز کھیلے۔

لاہور میں 15 ستمبر 1955 ءکو پیدا ہونےو الے عبدالقادر نے 14 دسمبر 1977 ءکو انگلینڈ کےخلاف لاہور میں ہی ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا جبکہ ایک روزہ کرکٹ میں نیوزی لینڈ کےخلاف برمنگھم میں 11 جون 1983ءکو ڈیبیو کیا تھا۔عبدالقادر نے 67 ٹیسٹ میچوں کی 111 اننگز میں 236 وکٹیں حاصل کی اور ایک اننگز میں 56 رنز دےکر 9 وکٹیں حاصل کرنا انکی ایک میچ میں بہترین کارکردگی تھی،انہوں نے ایک روزہ کرکٹ میں 104 میچوں میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی اور132 وکٹیں حاصل کی۔عظیم لیگ سپنر نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ لاہور میں دسمبر 1990ءمیں ویسٹ انڈیز کےخلاف کھیلا اسی طرح آخری ایک روزہ میچ 2 نومبر 1993 ءکو سری لنکا کےخلاف شارجہ میں کھیلا۔