امریکا میں نائن الیون کی یاد میں تقریبات

شہری نیویارک میں ”گراﺅنڈ زیرو“پر جمع ہونگے جبکہ صدر ٹرمپ پینٹاگون میں منعقدہ تقریب میں شرکت کریں گے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 11 ستمبر 2019 14:29

امریکا میں نائن الیون کی یاد میں تقریبات
نیویارک(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔11 ستمبر۔2019ء) امریکا میں آج 11 ستمبر 2011 کو نیویارک کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر ہونے والے حملے کی یاد منائی جارہی ہے‘ اس سلسلے میں حملوں کے مقام ”گراﺅنڈ زیرو“پر متاثرہ افراد کے اہل خانہ جمع ہوں گے جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پینٹاگون میں اس حوالے سے منعقدہ تقریب میں شرکت کریں گے. ریاست نیویارک کے گورنر اینڈریو کیومو نے تمام سکولوں میں 11 ستمبر کے حملوں کی یاد میں ہر سال ایک منٹ خاموش رہنے کا قانون منظور کرلیا ہے.

(جاری ہے)

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق اس ضمن میں جاری کردہ بیان کے مطابق اس قانون کا مقصد کمرہ جماعت میں بات چیت اور تعلیم کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ نئی نسل 2001 میں ہونے والے دہشت گردی کے حملے کو بہتر طور پر سمجھ اور اس کی تاریخی اہمیت سے واقف ہو سکے جس میں 3 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے. خیال رہے کہ 18 برس بعد بھی امریکی قوم کے ذہنوں پر اس ہولناک حملے کے نقش تازہ ہیں اور ایئرپورٹ پر سیکورٹی چیک سے لے کر افغانستان تک اس کے اثرات بکھرے ہوئے ہیں.

ٹوئن ٹاور کے مقام پر حملے میں ہلاک ہونے والے افراد کے نام کندہ ہیں جہاں طیارہ ہائی جیک کر کے عمارت سے ٹکرایا گیا تھا، ہر سال اسی وقت یہاں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرنے کے بعد نصب شدہ گھنٹہ بجایا جاتا ہے. نائن الیون حملے میں ہلاک ہونے والوں کے ساتھ ساتھ زخمی ہونے والے اور امدادی کارروائیوں کی وجہ سے بیمار پڑنے والے پولیس اہلکار، فائر فائٹرز، ملبہ اٹھانے، صفائی کرنے، بحالی کے کام انجام دینے والوں سمیت دیگر رضاکاروں کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں یہاں یادگار منسوب کی گئی ہیں.

11 ستمبر 2001 کا سورج امریکا کے لیے قیامت بن کر ابھرا تھا، جب دہشت گردوں نے ہائی جیک کیے گئے 2 طیارے نیویارک میں موجود ورلڈ ٹریڈ سینٹر سے ایک کے بعد ایک ٹکرا دیئے اور دنیا کی بلند ترین عمارت منٹوں میں زمین بوس کر دی تھی تاہم اس تھیوری کو ابھی تک امریکا میں بھی مکمل طور پر تسلیم نہیں کیا گیا. اس حملے میں 3 ہزار امریکی اور غیر ملکی باشندے مارے گئے اور 6 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے جبکہ 10 ارب ڈالر کا مالی نقصان بھی ہوا تھا.

اسی روز دو مزید طیارے بھی ہائی جیک کیے گئے، جن میں سے ایک پینٹاگون کے قریب اور دوسرا جنگل میں گر کر تباہ ہوا تھا‘ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر حملے کے فوری بعد دنیا بھر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی اور مسلمانوں کے خلاف نفرت کی ایک لہر نے جنم لیا .امریکا کی جانب سے ان حملوں کا ذمہ دار القاعدہ اور اس کے سربراہ اسامہ بن لادن کو ٹھہرایا گیا تھا، تاہم ناکافی ثبوتوں کے باوجود اس وقت کے امریکی صدر جارج ڈبلیو بش نے اسامہ کے میزبان ملک افغانستان پر جنگ مسلط کردی جس کے بعد سے دہشت گردی کے عفریت نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا.

18 برس سے زائد جاری رہنے والی جنگ میں شدت پسندوں کے ساتھ ساتھ ہزاروں افغان شہری بھی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ ہزاروں بے گھر ہوئے، تاہم امریکا کو اس جنگ میں اب تک کامیابی حاصل نہیں ہوسکی. افغانستان سے باعزت واپسی کے لیے امریکا نے حال ہی میں طالبان کے ساتھ مذکرات بھی کیے تاہم سمجھوتے کے قریب پہنچ کر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مذاکرات ”مردہ“ ہونے کا اعلان کردیا.

نائن الیون کے حملے نے امریکا کی پیشگی حملوں کی پالیسی یعنی ”بش ڈاکٹرائن“ کو جنم دیا جس کے تحت افغانستان، شمالی کوریا، عراق اور ایران برائی کا محور قرار پائے اور اسی پالیسی کے تحت امریکا نے ان ممالک میں کارروائیوں کا آغاز کیا. 2001 کے بعد سے اب تک دہشت گردی کے خلاف شروع کی جانے والی جنگ کے نتیجے میں لاکھوں زخمی اور معذور جبکہ ہزاروں گرفتار ہوئے، اس کے علاوہ گوانتاناموبے جیسے بدنام زمانہ عقوبت خانے وجود میں آئے. اس جنگ میں فرنٹ لائن اتحادی کی حیثیت سے سب سے زیادہ پاکستان متاثر ہوا اور یہاں شدت پسندی بڑھی اور دہشت گردی کے واقعات میں 50 ہزار سے زائد پاکستانیوں کی جانیں گئیں.