پاک بھارت تعلقات میں تناؤ کی وجہ سے ویمن کرکٹ سیریز کا انعقاد مشکلات کا شکار ہوگیا

بدھ ستمبر 15:04

پاک بھارت تعلقات میں تناؤ کی وجہ سے ویمن کرکٹ سیریز کا انعقاد مشکلات ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2019ء) پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات میں تناؤ کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان ویمن کرکٹ سیریز کا انعقاد مشکلات کا شکار ہو گیا۔پاکستان اور بھارت کے درمیان سیریز آئی سی سی چمپئن شپ کا حصہ ہے جس کی میزبانی بھارت نے کرنی ہے، دونوں ممالک کے درمیان سیریز جولائی سے نومبر تک ہونی ہے۔

سیریز کی میزبانی کی اجازت بھارتی بورڈ نے اپنی حکومت سے طلب کی ہوئی ہے تاہم بھارتی حکومت نے اجازت دینے کے حوالے سے چپ سادھ لی ہے۔

(جاری ہے)

پی سی بی کے ذرائع کے مطابق پاکستان بھارت سے سیریز کے حوالے سے رابطہ نہیں کرے گا کیونکہ سیریز کرانا بھارت کی ذمہ داری ہے، لیکن بھارت کی جانب سے سیریز کے لیے تاحال کوئی رابطہ نہیں کیا گیا ہے۔ماضی میں بھی بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم نے پاکستان کے ساتھ سیریز نہیں کھیلی تھی، تب پاکستان نے نیوٹرل مقام پر بھی کھیلنے کی پیشکش کی تھی، سیریز نہ کھیلنے کی وجہ سے بھارتی ٹیم کو پوائنٹس پاکستان کو دینے پڑے تھے۔

آئی سی سی ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ دو ممالک کے درمیان سیریز ہے، سیریز کے انتظامات کرنا ممبر ممالک کی ذمہ داری ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ جب پوائنٹس ٹیبل کا معاملہ آئی سی سی کے پاس آئے گا تو اسے حل کیا جائے گا۔