Live Updates

مقامی حکومتوں کا نیا نظام حقیقی معنوں میں انقلاب برپا کرے گا

ترقیاتی فنڈزکی امتیازی تقسیم اور ذاتی پسند نا پسند کی بنیاد پر مخصوص علاقوں میں استعمال کی روش کی موثر طور پر روک تھام ممکن ہوگی، عوام الناس کو اہل اور قابل نمائندے منتخب کرنے کے مواقع میسر آئیں گے وزیراعظم عمران خان کا اہم اجلاس سے خطاب

بدھ 11 ستمبر 2019 15:31

مقامی حکومتوں کا نیا نظام حقیقی معنوں میں انقلاب برپا کرے گا
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2019ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے مقامی طور پر منتخب نمائندگان کو بااختیار بنانے اور مقامی سطح کے مسائل کے حل کے لئے متعارف کرایا جانے والا مقامی حکومتوں کا نیا نظام حقیقی معنوں میں انقلاب برپا کرے گا، مقامی حکومتیں قومی قیادت کی نرسریاں ثابت ہوں گی۔

انہوں نے یہ بات بدھ کو مقامی حکومتوں کے نئے نظام سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وزیرِ دفاع پرویز خٹک، گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان، وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان، رکن قومی اسمبلی اسد عمر، خیبر پختونخوا کے وزیرِ خزانہ تیمور سلیم جھگڑا، صوبائی وزیر برائے لوکل گورنمنٹ شہرام خان ترکئی و سینئر افسران شریک تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے متعارف کرائے جانے والے مقامی حکومتوں کے نئے نظام پر عمل درآمد کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔ اجلاس میں شرکاء کو صوبہ خیبر پختونخوا اور پنجاب میں متعارف کرائے جانے والے مقامی حکومتوں کے نئے نظام کے خد وخال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعظم عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے متعارف کرایا جانے والا مقامی حکومتوں کا نیا نظام حقیقی معنوں میں انقلاب برپا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ نئے نظام کے تحت مقامی طور پر منتخب نمائندگان کو بااختیار بنایا گیا ہے تاکہ انہیں مقامی سطح کے مسائل حل کرنے اور اپنے علاقوں کی تعمیر و ترقی میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مقامی حکومتیں قومی قیادت کی نرسریاں ثابت ہوں گی۔ ماضی کے مقابلے میں نئے نظام کے تحت ترقیاتی فنڈز کی مقامی سطح پر منتقلی سے نہ صرف عوام کے بنیادی مسائل کا حل ممکن ہو گا بلکہ ان فنڈز کی امتیازی تقسیم اور ذاتی پسند نا پسند کی بنیاد پر مخصوص علاقوں میں استعمال کی روش کی بھی موثر طور پر روک تھام ممکن ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ تحصیل اور میونسپل سطح پر براہ راست انتخاب سے جہاں عوام الناس کو اہل اور قابل نمائندگان منتخب کرنے کے مواقع میسر آئیں گے وہاں سیاسی جماعتیں بھی مضبوط ہوں گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ اسی طرح بااخیتار منتخب نمائندگان بلا رکاوٹ اپنی بھرپور توانائیاں اپنے علاقوں کی تعمیر و ترقی اور عوام کے مسائل حل کرنے میں صرف کر سکیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات