تجارتی مذاکرات سے قبل چین کا 16 امریکی مصنوعات کو اضافی محصولات سے مستثنیٰ قرار دینے کا اعلان، یورپی سٹاک مارکیٹ میں تیزی

بدھ 11 ستمبر 2019 16:05

تجارتی مذاکرات سے قبل چین کا 16 امریکی مصنوعات کو اضافی محصولات سے مستثنیٰ ..
بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2019ء) چین نے 16 امریکی مصنوعات کو اضافی محصولات سے مستثنیٰ قرار دینے کا اعلان کردیا، یہ قدم دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی کشیدگی میں کمی کے لیے اس ماہ کے آخر میں ہونے والے مذاکرات کے حوالے سے اٹھایا گیا ہے، جن اشیاء کو اضافی محصول سے چھوٹ دی گئی ہے ان میں وے اور فش میل کی صورت جانوروں کا چارہ اور کچھ اینٹی کینسر ادویات و لبریکنٹس شامل ہیں۔

وزارت خزانہ کی ویب سائٹ پر بدھ کو جاری بیان کے مطابق امریکہ چین تجارتی کشیدگی کے خاتمے کے لیے رواں ماہ کے آخر میں ہونے والے باہمی مذاکرات کے تناظر میں 16 امریکی مصنوعات کی درآمد کو اضافی محصول سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے جن میں جانوروں کا چارہ اور انسداد کینسر ادویات بھی شامل ہیں، ان کو دی گئی چھوٹ پر عملدرآمد کا آغاز 17 ستمبر سے ہوگا اور چھوٹ کا دورانیہ ایک سال (16 ستمبر 2020 ء تک) ہوگا۔

(جاری ہے)

ادھر چین کی جانب سے 16 امریکی مصنوعات کو اضافی محصول سے چھوٹ دینے کے فیصلے سے بدھ کو یورپین سٹاک مارکیٹس میں تیزی دیکھنے میں آئی۔یاد رہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان جاری محصولات کی جنگ کے نتیجے میں اب تک متعدد مصنوعات کی درآمد پر محصول عائد کرنے کے کئی رائونڈ عمل میں آچکے ہیں جن کے باعث اب تک دوطرفہ طور پر سینکڑوں ارب ڈالر کے محصول عائد کیے جاچکے ہیں، دوبڑی معیشتوں کے درمیان محصول کی اس جنگ سے سرمایہ کاری، منافع اور اقتصادی شرح نمو کا عمل بری طرح متاثر ہوا ہے۔

متعلقہ عنوان :