وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق -"ہربشردوشجر" کے سلوگن کے ساتھ ہر شہری کو موسم برسات کی شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہوگا،ایم ڈی واسا

بدھ 11 ستمبر 2019 16:08

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2019ء) ماحولیاتی و فضائی سمیت دیگر تمام اقسام کی ۱ٓلودگی کے لحاظ سے پاکستان دنیا بھر کے انتہائی ۱ٓلودگی کا شکار ممالک کی فہرست میں ساتویں نمبر پر ۱ٓگیاہے لہٰذا وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق -"ہربشردوشجر" کے سلوگن کے ساتھ ہر شہری کو موسم برسات کی شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہوگا تاکہ ۱ٓلودگی سمیت اس سے پھیلنے والی بیماریوں پر قابو پایا جاسکے۔

منیجنگ ڈائریکٹر واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی فیصل ۱ٓباد فقیر محمد چوہدری نے اے پی پی کو بتایا کہ موسمیاتی تبدیلی اور گلوبل وارمنگ سے نمٹنے کیلئے عوامی شعور کو اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے لہٰذا اس مقصد کیلئے سکولوں، کالجز اور یونیورسٹیز میں سیمینارز اور یسرچ کے کام اور باقاعدہ سبجیکٹ کی انتہائی ضرورت ہے نیزبڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ اور صحت مندانہ ماحول کی فراہمی کیلئے عوامی مفاد عامہ میںکلین اینڈ گرین مہم کو گھر گھر پہنچانے کا عزم کرنا ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتا کہ دور جدید میں جہاں سائنسی ترقی کو عروج حاصل ہوا وہیںبد قسمتی سے موسمیاتی تبدیلی کے مضر صحت حقائق کے بھی بڑے چیلنجز درپیش ہوئے خاص طور پر ورلڈ سروے کے مطابق پاکستان کا شمار آلودگی کے شکار ممالک میں ساتویں نمبر پر ہے جبکہ فیصل آباد شہر کا شمار بدقسمتی سے دنیا بھر میں تیسر ے نمبر پر ہے جو کہ نہایت ہی تشویشناک بات ہے جس کی بڑی وجہ اس کا صنعتی شہر ہونا اور آلودگی کے مسائل کو نظر انداز کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی صنعتی کارخانوں اور فیکٹریوں کا زہر آلود پانی بغیر ٹریٹمنٹ کے ڈرینز میں ڈالا جا رہا ہے اور کھلی فضا میں بے دریغ گاڑیوں اور انڈسٹریل دھواں چھوڑا جا رہا ہے جس کے باعث ماحول میں آکسیجن کی کمی بہت خطرناک حد تک بڑھتی جا رہی ہے اور اس خطرناک صورتحال کے تدارک کیلئے ہمیں اپنے تمام وسائل بروئے کار لا تے ہوئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے ہوں گے ۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا کا خطہ دنیا بھر میں سب سے زیادہ موسمیاتی تبدیلی کا شکار ہے اور دنیا کی سب سے زیادہ آبادی والا خطہ بھی یہی ہے۔انہوں نے کہا کہ انسان کو زندہ رہنے کیلئے آکسیجن کی ضرورت ہوتی ہے اور درخت آکسیجن فراہم کرنے کا بڑا زریعہ ہیںکیونکہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں شجر کاری مہم کے ذریعے ہی موسمیاتی درجہ حرارت کو کنٹرول کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے اور درجہ حرارت کو کنٹرول کرنے میں درخت ہی مثبت کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوامی فلاحی منصوبوں کیلئے جس ویژن کا اظہار کیا ہے اس ضمن میں ماحولیاتی آلودگی اور زمینی درجہ حرارت میں اضافہ کو روکنا بہت اہم اقدام ہے لہٰذا اس مقصد کیلئے ہم سب کو اپنے اور اپنے بچوں کے مفاد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہے کیونکہ اسی میں ہماری آنے والی نسلوں کی بقاء ہے۔انہوں نے کہا کہ درخت اور پودے انسان دوست ماحول پیدا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ واسا ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کیلئے اربوں کی لاگت سے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ جیسے میگا پراجیکٹس شروع کرنے جا رہا ہے اور یہ واسا فیصل آباد کا ہی اعزاز ہے کہ آج سے پچیس سال قبل واسا نے شہر کے مغربی حصے میں چوکیرہ کے مقام پر ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ کے منصوبے کا آغاز کیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ پچھلے سالوں میں کراچی شہر میں جو ہیٹ ویو کی شدید لہر آئی اور جس میں کئی قیمتی جانوں کا نقصان ہو اس کی بڑی وجہ شجرکاری کا نہ ہونا تھا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں زمینی درجہ حرارت کے بڑھنے ،گلیشئیرزکے پگھلنے کا عمل تیز تر ہوتا جا رہا ہے اور سمندر کے پانی کی سطح بلند تر ہوتی جا رہی ہے لہٰذا اس صورتحال سے بچائو کیلئے صرف حکومتی سطح پر ہی اقدامات کافی نہیں ہیں بلکہ ہر شہری کو اپنے حصے کا حق ادا کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تغیرات پر قابو پانے کیلئے شجر کاری کی مہم کو فروغ دینے کی غرض سے ہمیں من حیث القوم مل جل کر کام کرتے ہوئے تمام وسائل کو بروئے کار لانا ہوگاکیونکہ صاف ستھرا اور تروتازہ ماحول ہی صحت مند زندگی کی علامت ہے۔