یوم عاشورہ کے جلوس سخت ترین سیکورٹی میں اختتام پذیر،پاک فوج کی جانب سے خصوصی نگرانی

بدھ ستمبر 16:46

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2019ء) ڈیرہ اسماعیل خان سمیت ملحقہ علاقوں میں یوم عاشورہ کے جلوس سخت ترین سیکورٹی میں اختتام پذیر ہوگئے، پاک فوج کی جانب سے جلوسوں کی ہیلی کاپٹر سے خصوصی نگرانی، تمام جلوس اپنی امام بارگاہوں سے برآمد ہو کر کوٹلی امام میں خیریت سے اختتام پذیر ہوئے،آئی جی ایف سی (سائوتھ) میجر جنرل اظہر عباسی،سٹیشن کمانڈر بریگیڈئیر رائو عمران سرتاج، بریگیڈیئر شمریز خان،ریجنل پولیس آفیسرکیپٹن (ر) فیروز شاہ،کمشنر ڈیرہ جاوید خان مروت ،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر دلاور خان بنگش ، ڈپٹی کمشنر محمدعمیراور اسسٹنٹ کمشنر کیپٹن(ر)عون حیدر گوندل نے جلوسوں کے راستوں اور سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

محکمہ صحت اور ریسکیو1122کی جانب سے زائرین کو علاج معالجہ و فوری طبی امداد کی فراہمی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے ڈیرہ اسماعیل خان سمیت ملحقہ علاقوں میں یوم عاشورہ کے جلوس سخت ترین سیکورٹی میں اختتام پذیر ہوگئے، ڈیرہ شہر میں مرکزی جلوس امام اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے وقت مقررہ پر کوٹلی امام حسین میں پہنچ کرپر امن اختتام پذیر ہوئے۔ جلوسوں میں شریک عزادار، ماتم حسین، سینہ کوبی اور زنجیر زنی کرتے رہے۔

شہر بھر میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔شہر میں موبائل فون سروس اور موٹر سائیکل سمیت ہرقسم کی ٹرانسپورٹ بند تھی،پاک فوج کی جانب سے جلوس کے راستوں کی ہیلی کاپٹر سے خصوصی فضائی نگرانی کی جاتی رہی۔ آئی جی ایف سی (سائوتھ) میجر جنرل اظہر عباسی،سٹیشن کمانڈر بریگیڈئیر رائو عمران سرتاج، بریگیڈیئر شمریز خان،ریجنل پولیس آفیسرکیپٹن (ر) فیروز شاہ،کمشنر ڈیرہ جاوید خان مروت مرکزی کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر میں سیکورٹی انتظامات کی از خود نگرانی کرتے رہے جبکہ سخت گرمی اور شدید حبس کے باوجود سٹیشن کمانڈر بریگیڈئیر رائو عمران سرتاج، ریجنل پولیس آفیسرکیپٹن (ر) فیروز شاہ ،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر دلاور خان بنگش ، ڈپٹی کمشنر محمدعمیراور اسسٹنٹ کمشنر کیپٹن(ر)عون حیدر گوندل نے جلوسوں کے راستوں اور سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیااور سیکورٹی و انتظامی اہلکاروں کوموقع پر ہدایات بھی دیتے رہے۔