وزیر زراعت نعمان لنگڑیال کی جانب سے بانی پاکستان ؒ کی برسی کے موقع پر دعائیہ تقریب کا اہتمام

شرکاء نے قائد کی بلندی درجات کیلئے فاتحہ خوانی ،پاکستان کے قیام کیلئے انتھک جدوجہد کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا

بدھ 11 ستمبر 2019 17:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2019ء) صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال کی جانب سے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کی برسی کے موقع پر دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ جی او آرون تین کلب میں منعقدہ تقریب میں صوبائی وزراء سردار محمد آصف نکئی اور سید صمصام بخاری سمیت دیگر نے شرکت کی کی ۔شرکاء نے بانی پاکستان کی بلندی درجات کیلئے فاتحہ خوانی کی اور پاکستان کے قیام کیلئے ان کی انتھک جدوجہد کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا ۔

(جاری ہے)

ملک نعمان لنگڑیال نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی دور اندیشی اور لازوال جدوجہد کی بدولت آج ہم آزاد وطن کے شہری ہیں ۔ہمیں اپنے وطن کی مٹی سے پیار کرناہے اور بانی پاکستان کے خوابوں کی تعبیر کے لئے اپنا انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کرنا ہے ۔ سردار محمد آصف نکئی اورصمصام بخاری نے بانی پاکستان کو بھرپو رخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بانی پاکستان کی بدولت ہمیں آزاد ملک میں عزت او رمقام حاصل ہے اورہم خوش قسمت ہیں کہ ہماری آنے والی نسلیں آزاد ملک کی شہری ہیں ۔ ہمیں پاکستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال ممالک کی فہرست میں شامل کرکے قائد کے خوابوں کو عملی تعبیر دینی ہے ۔