لاہور پولیس اور الائیڈ ڈیپارٹمنٹس کی مشترکہ کاوشوں سے یوم عاشورہ کا پر امن انعقاد ممکن ہوا،ڈی آئی جی آپریشنز

بدھ 11 ستمبر 2019 17:44

لاہور۔11 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2019ء) ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خا ن نے یومِ عاشور کے موقع پر اندرون موچی گیٹ ،بھاٹی گیٹ، امام بارگاہ قصر بتول نجف کالونی اقبال ٹاؤن، ہنجر وال ٹھوکر نیاز بیگ اور ماڈل ٹاؤن 145۔اے سمیت شہر کی مختلف امام بارگاہوںکا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ ایس پیز، ڈی ایس پیز، ایس ایچ او ودیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

اشفاق خان نے مقامی شیعہ اکابرین اور منتظمین مجالس و جلوسوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے عزاداروں اور شرکاء کی سکیورٹی چیکنگ کے عمل کابھی معائنہ کیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے ڈیوٹی پر تعینات پولیس افسران واہلکاروں کو آن جاب بریفنگ دی اور الرٹ ڈیوٹی دینے والے افسران واہلکاروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے نقد انعامات تقسیم کئے۔

(جاری ہے)

اشفاق خان نے کہا کہ پولیس افسران و اہلکار دوران ڈیوٹی موبائل فون کے استعمال سے اجتناب کریں، دوران ڈیوٹی موبائل فون کے استعمال سے سکیورٹی خدشات کا امکان ہوتا ہے۔

اشفاق خان نے یوم عاشورہ پر ہدایات جاری کی تھیں کہ پولیس افسران اور جوان انتہائی الرٹ رہیں اور زائرین کے مکمل منتشر ہونے تک اپنا ڈیوٹی پوائنٹ نہ چھوڑیں، شہری لاوارث سامان، موٹر سائیکلوں اور مشکوک افراد کی اطلاع فوراً 15 یا مقامی پولیس کو دیں۔ لاہور پولیس کی جانب سے نثار حویلی سے برآمد ہونے والے مرکزی جلوس کے روٹ پر سکیورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات عمل میں لائے گئے تھے۔

مرکزی جلوس کی سکیورٹی پر 14 ایس پیز، 24 ڈی ایس پیز، 87 انسپکٹرز، 455 اًپر سب آرڈینیٹس اور 15 ہزار سے زائد جوان تعینات تھے۔ اشفاق خان نے کہا کہ لاہور پولیس الائیڈ ڈیپارٹمنٹس کی مشترکہ کاوشوں سے عاشورہ کا پر امن انعقاد ممکن ہوا، لاہور پولیس کے سپیشل سکیورٹی یونٹ، اینٹی رائٹ فورس، ڈولفن سکواڈ اور پولیس رسپانس یونٹ سمیت دیگر یونٹس نے ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیئے، جلوس کے روٹ میں آنے والی تمام گلیوں کو خاردار تاریں اور رکاوٹیں لگا کر مکمل طور پر سیل کیا گیا، عزادار خواتین کی چیکنگ کیلئے لیڈیز پولیس اہلکار اور خواتین رضا کار بھی تعینات کی گئیں۔

شرکاء کو 3 درجاتی سکیورٹی چیکنگ کے بعد ہی جلوس میں شامل ہونے کی اجازت دی گئی۔ جلوس کے روٹ میں آنے والی عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز تعینات کئے گئے، سی سی ٹی وی کیمروں سے جلوس کی مسلسل مانیٹرنگ کی گئی، کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو جلوس میں داخل نہیں ہونے دیاگیا، ڈولفن سکواڈ اور پولیس ریسپانس یونٹ کی ٹیمیں جلوس کے روٹ اور اطراف میں موثر پٹرولنگ کرتی نظر آئیں۔