Live Updates

حکومتی اقدامات کے نتیجے میں یوم عاشور انتہائی پرسکون طریقے سے اختتام پذیر ہوا، صوبائی وزیر راجہ راشد حفیظ

بدھ 11 ستمبر 2019 17:45

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2019ء) پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ عوام الناس کے بے مثال تعاون ، اخوت و بھائی چارے اور یک جہتی کے باعث اور امن و امان برقرار رکھنے کیلئے موثر حکومتی اقدامات کے نتیجے میں یوم عاشور انتہائی پرسکون طریقے سے اختتام پذیر ہوا، اس بے مثال اتحاد و یک جہتی اور امن وامان کے قیام پر تمام مکاتب فکر کے عوام الناس اور انتظامیہ کے افسران و اہل کار مبارکباد کے مستحق ہیں ۔

انہوں نے یہ بات گذشتہ روز امن وامان برقرار رکھنے کے سلسلے میں راولپنڈی میں قائم کئے گئے کنٹرول و مانیٹرنگ روم اور عزاداروں کے جلوسوں کے مختلف روٹوں کا دورہ اور رات گئے انتظامی افسران کو شاباش و مبارکباد دیتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

کنٹرول و مانیٹرنگ روم دورے کے دوران پی ٹی آئی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عامر محمود کیانی ، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی چوہدری محمد علی رندھاوا ، سی پی او راولپنڈی اور دیگر افسران بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے ۔

راجہ راشد حفیظ نے کنٹرول و مانیٹرنگ روم میں امن وامان برقرار رکھنے کے حوالے سے اٹھائے گئے تمام اقدامات کے بارے میںتفصیلی بریفنگ لی۔ انہو ںنے کہا کہ شہر بھر میں انتظامیہ نے پاک فوج اور پولیس کی مدد سے فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے تھے جس پر تمام متعلقہ ادارے بالخصوص پاک فوج داد و تحسین اور شکریہ کے مستحق ہیں۔ ڈپٹی کمشنر اور سی پی او راولپنڈی نے عزاداروں کے تمام روٹس ، کسی ہنگامی صورتحال میں متبادل روٹس ، ایمبولینس سروسز اور امن وامان سے متعلقہ تمام اقدامات کی تفصیلات سے راجہ راشد حفیظ اور عامر محمود کیانی کو آگاہ کیا۔

بعد ازاں راجہ راشد حفیظ نے شہر بھر کے مختلف علاقوں ، جلوسوں کے راستوں اور امام بارگاہوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے پورا دن امن وامان کے قیام کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی مانیٹرنگ میں گزارا اور مقامی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ صوبائی کنٹرول روم و وزیر اعلی پنجاب کے ساتھ رابطے میں رہے۔ رات گئے جلوسوں کے پر امن اختتام پر صوبائی وزیر نے انتظامیہ اور پولیس افسران بالخصوص پاک فوج کے جوانوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے امن وامان کے قیام میں پوری محنت اور توجہ سے ڈیوٹی سرانجام دی۔

راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ کوئی بیرونی عوامل کارفرما نہ ہوں تو تمام مکتبہ فکر کے افراد امام الشہداء حضرت امام حسین ؓ اور شہدائے کربلا کی محبت اور عقیدت میں کسی دو رائے کے حامل نہیں ہیں، اگر اہل تشیع عزاداری کے جلوس نکالتے ہیں تو باقی مکتبہ فکر کے لوگ جلوس کے راستوں میں اپنے ان بھائیوں کی ٹھنڈے پانی اور کھانوں سے تواضع کرتے ہیں، یہ بے مثال یک جہتی اور اخوت و بھائی چارہ ہمیشہ قائم رہنا چاہئے تاکہ دنیا دیکھ اور جان سکے کہ مسلم امہ کے تمام مکاتب فکر میں اتحاد و یک جہتی قائم اور اسے دوام حاصل ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات