قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم وفات پر گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ کی مزار پر حاضری ،فاتحہ خوانی

کشمیرمیں بھارتی مظالم کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی، پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ر ہے گا،گورنر سندھ میں ترمیم کو چیلنج کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ، کراچی کے مسائل پرقائم کمیٹی 10 سے 12 دن میں رپورٹ پیش کرے گی، عمران اسماعیل مجھ سے وفاق نے کراچی کے مسائل پر کوئی رابطہ نہیں کیا میڈیا سے پتہ چلا ہے کہ کوئی کمیٹی بنائی گئی ہے،مراد علی شاہ کی میڈیا سے بات چیت

بدھ 11 ستمبر 2019 17:48

قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم وفات پر گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ کی مزار ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2019ء) بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم وفات کے موقع پروزیراعلی سندھ مراد علی شاہ اور گورنر سندھ عمران اسماعیل نے مزار قائد پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ وزیراعلی سندھ نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی 71 ویں برسی کے موقع پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیراعلی سندھ اور گورنر سندھ کی آمد پر پاک بحریہ کے دستوں نے بینڈ بجا کر مہمانوں کا استقبال کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزرا جام اکرام اللہ، سعید غنی، شبیر بجارانی، چیف سیکریٹری سندھ ممتاز شاہ بھی موجود تھے۔تفصیلات کے مطابق بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا 71ویں برسی ملک بھر میں نہایت عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے، قائداعظم کے یوم وفات پر گورنر اور وزیراعلی سندھ نے مزار قائد پر حاضری دی۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے مزار قائد پر موجود مہمانوں کی تاثراتی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کیے۔مزار قائد پر حاضری کے بعد گورنر سندھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ر ہے گا۔عمران اسماعیل نے کہا کہ کراچی کی بہتری کے لیے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں، 18ویں ترمیم کو چیلنج کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی کے مسائل پرقائم کمیٹی 10 سے 12 دن میں رپورٹ پیش کرے گی، کمیٹی کی رپورٹ وزیراعظم کو پیش ہوگی تو مسائل میں کمی آئے گی۔وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے مزار قائد پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ پاکستان قائداعظم کی مدبرانہ صلاحیتوں کا ثمر ہے، پاکستان کو پرامن بنانے کے لیے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔کشمیر کے مسئلے پر ہماری پوری قوم اکھٹی ہے اور رہے گی۔

مسئلہ کشمیر کے حل تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، کشمیر پر بھارتی جارحیت کی پرزور مذمت کرتے ہیں، کشمیر میں بھارتی مظالم کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی، ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ مجھ سے وفاق نے کراچی کے مسائل پر کوئی رابطہ نہیں کیا میڈیا سے پتہ چلا ہے کہ کوئی کمیٹی بنائی گئی ہے۔دوسری جانب تینوں مسلح افواج کے نمائندوں نے بھی مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی اور تاثراتی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے۔