سید مراد علی شاہ نے صوبہ بھر میں یوم عاشور کے موقع پر نکلنے والے جلوسوں کا دورہ کیا

سیکورٹی کے بہترین انتظامات پر پولیس، رینجرز اور آرمی و انٹیلی جنس اداروں کا شکریہ ادا کرتاہوں،وزیراعلیٰ سندھ کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 11 ستمبر 2019 18:01

سید مراد علی شاہ نے صوبہ بھر میں یوم عاشور کے موقع پر نکلنے والے جلوسوں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2019ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبہ بھر میں یوم عاشور کے موقع پر نکلنے والے جلوسوں کا دورہ کیا ۔ وزیراعلی سندھ کے ہمراہ صوبائی وزیر سعید غنی بھی تھے۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں یوم عاشور کے جلوس کی قیادت کی اور اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دن کے لحاظ سے سندھ بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

میں نے کوشش کی ہے کہ تمام سہولیات مہیا کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ میں منتظمین، انتظامیہ کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے بہت محنت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ خطرات دونوں سرحدوں کی صورتحال کی وجہ سے ہیں۔ کچھ مخصوص خطرات بھی تھے لیکن ہم نے فول پروف سیکوریٹی انتظامات کرنے کی کوشش کی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے سکھر شہر، روہڑی، خیرپور، کوٹ ڈیجی، جیکب آباد، شکارپور، جیکب آباد کے ماتمی جلوسوں کی سکیورٹی کا بھی جائزہ لیا۔

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سکھر پہنچے تو ان کے ساتھ صوبائی وزیر سعید غنی اور اکرام اللہ دھاریجو بھی تھے ۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کو سکھر ایئرپورٹ پر صوبائی وزیر سید ناصر شاہ، کمشنر سکھر اویس حیدر شاہ، ڈی آئی جی اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نے رسیو کیا۔ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ سکھر ایئرپورٹ سے جلوس کی جانب روانہ ہوئے۔

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سٹی پوائنٹ، ملٹری روڈ کراس کرتے ہوئے شہر پہنچے۔ وزیراعلی سندھ نے گھنٹہ گھر میں جلوس کا معائنہ کیا۔انہوں نے گھنٹہ گھر اور اے سیکشن پولیس اسٹیشن کا بھی دورہ کیا۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کو اے سیکشن پولیس اسٹیشن میں بریفنگ دی گئی ۔ وزیر اعلی سندھ کو بتایا گیا کہ سکھر میں کل 44 ماتمی جلوس نکلتے ہیں،ان میں سے 3 جلوس حساس قرار دیئے گئے ہیں۔

حساس جلوسو ں میں روہڑی، سکھر سٹی اور پنوعاقل شامل ہیں۔ ایوب گیٹ پر جب جلوس پہنچے گا تو پچاس ہزار سے زائد عزادار ہوجاتے ہیں۔ یہ جلوس 10 بجے تک اختتام پذیر ہوتے ہیں۔ اس کے بعد شام غریباں کی مجلس ہوتی ہے۔روہڑی میں جلوس 8 تاریخ کو ہی برآمد ہوتا ہے۔ 10 محرم الحرام کے جلوس میں ایک لاکھ سے زائد عزادار ان ہوتے ہیں۔ خیرپور، جیکب آباد اور شکارپور کے جلوس بھی حساس ہیں۔

ان شہروں میں ہم آہنگی بہت اچھی ہوگئی ہے۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے اے سیکشن پولیس اسٹیشن میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں آج یہاں عاشورہ کے دن کراچی کا دورہ کرکے سکھر آیا ہوں۔ میرے دورے کا مقصد سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں پولیس، رینجرز، مسلح افواج، رضاکاروں کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے ملکر بہترین سکیورٹی انتظامات کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر بلدیاتی اداروں کی جانب سے کوئی بھی کوتاہی سامنے آئی تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ سندھ پولیس میں پبلک سیفٹی کمیشن اگلے 2 دن میں عوام کی شکایات سنے گا ۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں متحد ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈاہری صاحب نے پیپلز پارٹی کے خلاف کوئی بات نہیں کی ہے ،مسئلہ کی نشاندہی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سازشوں سے نہیں ڈرتے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں سیوریج لائن میں مخالفین بوریاں ڈال کر گندگی کرنا چاہتے ہیں، ہم انکو جلد گرفتار کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں جو علاقے ہمارے کنٹرول میں نہیں ہیں وہاں پر بھی اگر گندگی ہوتی ہیتو لوگ سندھ حکومت کو ہی مورد الزام سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میئر کراچی کے پاس اختیارات موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی کا مسئلہ سیف سٹی پروجیکٹ کے تحت حل کرینگے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ہم کشمیر کے عوام کے ساتھ ہیں انکے خلاف ہندوستانی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سکھر کا دورہ کرنے کے بعد واپس سکھر ایئرپورٹ پہنچے۔ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ سکھر سے نوابشاہ گئے ۔ نواب شاہ سے جلوسوں کا فضائی جائزہ لیا اس کے بعد وزیراعلی سندھ حیدرآباد پہنچے۔

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے یوم عاشورہ کا بخیر وعافیت مکمل ہونے پر اللہ تعالی کا شکر ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی کے بہترین انتظامات پر پولیس، رینجرز اور آرمی و انٹیلی جنس اداروں کا شکریہ ادا کرتاہوں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامات بہترین ہونے پر ضلعی انتظامیہ، محکمہ بلدیات و دیگر متعلقہ اداروں کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔وزیراعلی سندھ نے پورے صوبے میں جلوسوں کے منتظمین کا بھی شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ سندھ بھر میں محکمہ صحت و رضاکاروں کی خدمات بھی بہترین و قابل تعریف تھیں۔وزیراعلی سندھ نے کربلا میں بھگدڑ مچ جانے سے ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا۔