پی ایس 11لاڑکانہ میں ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری،انتخاب 17اکتوبر کو ہوگا

بدھ 11 ستمبر 2019 18:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2019ء) الیکشن کمیشن نے پی ایس گیارہ لاڑکانہ میں ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کرتے ہوئے کہا کہ حلقے میں ضمنی انتخاب 17 اکتوبر کو ہو گا۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق پی ایس گیارہ لاڑکانہ میں امیدوار کاغذات نامزدگی تیرہ سے پندرہ ستمبر تک جمع کرا سکیں گے،ریٹرننگ افسر کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی انیس ستمبر تک کریں گے۔

الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی پر اپیلیں تئیس ستمبر تک دائر ہو سکیں گے، اپیلوں پر فیصلے چھبیس ستمبر تک کیے جائیں گے،جبکہ امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی اٹھائیس ستمبر تک واپس لے سکیں گے۔الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کو انتخابی نشانات انتیس ستمبر کو الاٹ کیے جائیں گیاور حلقے میں ضمنی انتخاب سترہ اکتوبر کو ہو گا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ بائیس اگست کو سپریم کورٹ نے لاڑکانہ کے حلقے پی ایس گیارہ سے کامیاب امیدوار معظم علی خان کو ڈی نوٹیفائی کرتے ہوئے حلقے میں دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم دیا تھا۔واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کی امیدوار برائے صوبائی اسمبلی ندا کھوڑو نے رکن سندھ اسمبلی معظم علی خان کے خلاف سپریم کورٹ میں الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کی تہی،جنوری 2019 میں الیکشن ٹربیونل نے معظم علی خان کے خلاف ندا کہوڑو کی درخواست مسترد کر دی تہی۔