ستمبر مہینہ کپاس کی فصل کیلئے انتہائی اہم ہے، ڈائریکٹر جنرل زراعت پنجاب ڈاکٹر انجم علی

بدھ ستمبر 18:40

مظفرگڑھ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2019ء) ڈائریکٹر جنرل زراعت پنجاب ڈاکٹر انجم علی نے کہا ہے کہ کپاس کی فصل اس وقت نازک مرحلہ سے گزر رہی ہے،ستمبر مہینہ کپاس کی فصل کیلئے انتہائی اہم ہے اس دوران محکمہ زراعت کی افسران کاشتکاروں کی رہنمائی کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لائیں،کپاس کی فصل کا معائنہ کریں اڈوائزری سلپ جاری کریں۔

یہ بات انہوں نے مظفرگڑھ کے دورے کے دوران محکمہ زراعت کے افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ کپاس کی فصل کے کاشتکاروں کو رہنمائی کیلئے مساجد اور گاڑیوں پر سپیکر کے ذریعے اعلان کرائیں، جہاں سفید مکھی کا حملہ زیادہ ہو وہاں پلانٹ کلینک لگائیں۔ انہوں نے زراعت افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے حلقہ میں کپاس کی حالت کا جائزہ لیں جس سے اندازہ ہو کہ ملی بگ اور سفید مکھی کا حملہ بڑھ رہا ہے یا نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ سابقہ سال گلابی سنڈی سے زیادہ نقصان ہوا تھا، امسال گلابی سنڈی اور سفید مکھی اور ملی بگ سے بچاؤ کیلئے کاشتکاروں کی بروقت رہنمائی کریں۔انہوں نے تاکید کی کہ تمام زراعت افسران بطور کاٹن انسپکٹر اپنے اپنے حلقہ میں کاٹن کنٹرول ایکٹ پر عمل درآمد کرائیں، خاص طور پر گانٹھ کا وزن 170کلو گرام پلس یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت کیلئے کپاس کی زیادہ پیداوار اہمیت رکھتی ہے، اس قومی فریضہ کیلئے دن رات ایک کردیں۔