حکومت صوبے میں ایکو ٹورازم پر کام کررہی ہے ، دنیا میں ایکو ٹورزم کا بڑھتا ہوا رجحان آج کے دور کی اشد ضرورت ہے، سینئر وزیر عاطف خان

بدھ 11 ستمبر 2019 18:42

پشاور۔11ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2019ء) خیبر پختوخوا کے سینئر وزیر برائے ثقافت عاطف خان نے کہا کہ موجودہ حکومت صوبے میں ایکو ٹورازم کو فروغ دینے کے لئے کام کررہی ہے کیونکہ دنیا میں ایکو ٹورزم کا بڑھتا ہوا رجحان آج کے دور کی اشد ضرورت ہے ایکو ٹورزم کے تحت ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے اور سیاحتی مقامات کا قدرتی حسن بحال رکھنے میں مدد ملے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کیلاش سے منتخب ایم پی اے وزیر زادہ کی سربراہی میں وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔اس موقع پر ایکو ٹورازم کے حوالے سے سینئر وزیر نے کیلاش سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی وزیر زادہ کو کیلاش میں ایکو ٹورازم ویلج کی تیاری کرنے اور اور اسکے کے لئے مقامات کی نشاندہی کیلئے اقدامات اُٹھانے پر زور دیا۔

(جاری ہے)

سینئر وزیر نے کہا کہ چترال سیاحت کے حوالے ایک اہم ضلع ہے جہاں حکومت انفراسٹرکچر سمیت تمام ضروری سہولیات فراہم کررہی ہے چترال کو سیاحوں کے لئے مزید پرکشش بنایا جائیگا اور سیاحوں کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

اس موقع پر سینئر وزیر نے محکمہ سیاحت کے حکام کو چترال میں جاری بروغل فیسٹول کو کامیاب بنانے اور وہاں پر ملکی و غیر ملکی سیاحوں سمیت کھلاڑیوں کو بھی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ چترال میں سب سے زیادہ فیسٹول منعقد کئے جارہے ہیں جو ضلع میں امن اور خوشحالی کی نشاندہی کرتا ہے۔ سینئر وزیر نے کہا کہ چترال کے کیلاش کلچر کو محفوظ بنانے اور ترقی دینے کے لئے صوبائی بجٹ میں خاطر خواہ فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔