وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر جنرل ہسپتال انتظامیہ نے ڈینگی ٹیسٹ کیلئے مشین راولپنڈی بھجوا دی

دو ٹیکنیشن بھی ہمراہ ، حکومتی کاوشوں میں بھرپور ساتھ دیں گے ‘پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر

بدھ ستمبر 18:47

وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر جنرل ہسپتال انتظامیہ نے ڈینگی ٹیسٹ کیلئے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2019ء) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر لاہور جنرل ہسپتال کی انتظامیہ نے ڈینگی ٹیسٹ کیلئے جدید مشین آٹو اینا لائز اور دو ٹیکنیشن فوری طور پر راولپنڈی روانہ کر دیئے ہیں تاکہ وہاں ڈینگی وائرس سے پیدا شدہ صورتحال سے نمٹا جا سکے اور لوگوں کو علاج معالجے کی زیادہ بہتر سہولتیں میسر ہوں ۔

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے پرنسپل پی جی ایم آئی و ایل جی ایچ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ آٹو اینا لائزر مشین کے ذریعے خون کے تجزیے جلد از جلد ممکن ہو سکیں گے اور لوگوں میں ڈینگی بخارکی تشخیص اور اُس کے علاج معالجے میں مدد ملے گی ، انہوں نے کہا کہ ڈینگی کا خاتمہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی ہدایات کے مطابق جنرل ہسپتال کی انتظامیہ اس ضمن میں ہر لمحہ چوکس ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ جنرل ہسپتال میں بھی ڈینگی سے نمٹنے کیلئے انتظامات مکمل ہیں اور علیحدہ کاؤنٹر کے قیام کے علاوہ ڈینگی کے لئے بیڈز بھی مختص کیے گئے ہیں ۔پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ اگر کہیں اور بھی ضرورت پڑی تو ایل جی ایچ کے ڈاکٹرز اور طبی عملہ پنجاب حکومت کے شانہ بشانہ کھڑا ہوگا اور ڈینگی کے مریضوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرتے رہیں گے ۔