Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس

اجلاس میں وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی ’’احساس‘‘ پروگرام پر بریفنگ، کابینہ سب کمیٹی برائے فلڈ کا نام بدل کر کابینہ سب کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ رکھنے کی منظوری ،غیر فعال پبلک سیکٹر کمپنی لاہور واٹر اینڈ سینی ٹیشن کمپنی کو بند کرنے کا فیصلہ

بدھ 11 ستمبر 2019 19:46

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس
لاہور۔11 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت بدھ کے روزوزیراعلیٰ آفس میں صوبائی کابینہ کا 17 واں اجلاس منعقد ہوا،جس میں وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ’’احساس‘‘ پروگرام پر بریفنگ دی ۔اجلاس میں کابینہ سب کمیٹی برائے فلڈ کا نام بدل کر کابینہ سب کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ رکھنے کی منظوری دی گئی ۔

کابینہ سب کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے کنوینر صوبائی وزیر ڈیزاسٹر مینجمنٹ میاں خالد محمود ہوں گے۔اجلاس میں غیر فعال پبلک سیکٹر کمپنی لاہور واٹر اینڈ سینی ٹیشن کمپنی کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔کابینہ نے کمپنی بند کرنے کی منظوری دی۔وزیراعلیٰ نے پنجاب میں پبلک سیکٹر کی دیگر کمپنیوں کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے بارے میں رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری کمپنیوں کے بارے میں رپورٹ آنے پر فیصلہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے مشیر ڈاکٹر سلمان شاہ کو کمپنیوں کے بارے میں جلد حتمی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ۔ اجلاس میں رواں مالی سال برائے 2019-20 کیلئے شیخ زید میڈیکل کمپلیکس لاہور کیلئے گرانٹ ان ایڈ مختص کرنے اور اجراء کی مشروط منظوری دی گئی۔پبلک سیکٹر انٹرپرائزز حکومت پنجاب کے مالی سال 2018-19 کے آڈٹ اور پبلک سیکٹر کمپنیز حکومت پنجاب والیم 3 مالی سال 2017-18 کے حوالے سے آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی رپورٹس کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں چولستان یونیورسٹی آف وٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز بہاولپور کے وائس چانسلر کے تقرر کی منظوری دی گئی جبکہ یہی کمیٹی یونیورسٹی آف وٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز لاہور کے وائس چانسلر کی تقرری کیلئے بھی سفارشات پیش کرے گی۔اجلاس میں پنجاب میونسپل سروسز پروگرام پر عملدر آمد کیلئے پہلے مرحلے کی منظوری دی گئی ۔اجلاس میں پنجاب میں 194 شہری اور 3316 دیہی لوکل گورنمنٹ اداروں کے فنڈز کے استعمال کیلئے حکمت عملی کی بھی منظوری دی گئی۔

سٹریٹ لائٹس، نکاسی و فراہمی آب سکیموں کی بحالی، سالڈ ویسٹ مشینری کی فراہمی اور دیگر سہولتیں عوام کو ان کی دہلیز پر فراہم کی جائیں گی۔پروگرام پر عملدرآمد کیلئے ضلع کی سطح پر کمیٹیاں بنائی جائیں گی۔پہلا مرحلہ رواں مالی سال جون 2020 تک مکمل کیا جائے گااوراس پروگرام پر تقریباً27ارب روپے خرچ کیے جائیںگے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ وصول شدہ ٹال ٹیکس اسی علاقے کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت پر ہی خرچ کرنے کے فیصلے پر عملدرآمدیقینی بنایا جائے گا اوراس سے سڑکوں کی تعمیرو مرمت کیلئے درکار فنڈزدستیاب ہوںگے۔

وزیراعلیٰ نے حالیہ سیلاب اور دریائوں کے کٹائو کے باعث پنجاب کے بعض علاقوں کے دیہات میںپہنچنے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے کی ہدایت کی ۔اجلاس میںلیٹرز آف ایڈمنسٹریشن اینڈسکسیشن سرٹیفکیٹس ایکٹ 2019 کی منظوری دی گئی۔اس ایکٹ کی منظوری سے وراثتی سرٹیفکیٹس نادرا سے جاری ہوں گے اورنادرا میں سپیشل سکسیشن فسیلیٹیشن یونٹ بھی قائم ہوں گے۔

کابینہ نے صوبائی سطح پر لا ء ریفارمز متعارف کرانے کی بھی منظوری دے دی۔اجلاس میںپنجاب سوشل پروٹیکیشن اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل نو کی منظوری دی گئی ۔پنجاب کے مختلف علاقوں میں منہ کھر کنٹرول پروگرام اور مویشیوں کی بیماریوں کے علاج کیلئے یونی لیٹر ٹرسٹ فنڈ پروگرام کے تحت معاہدے کی اجازت دی گئی جبکہ ’’احساس‘‘ پروگرام کے تحت پنجاب اور وفاق کے درمیان اشتراک کار بڑھانے کا فیصلہ کیاگیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ پروگرام معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کو اوپر اٹھانے کیلئے تحریک انصاف کا فلیگ شپ پروگرام ہے اورپنجاب حکومت احساس پروگرام کے حوالے سے ہرممکن تعاون کرے گی۔پنجاب کابینہ کے اجلاس میں قائداعظمؒ کے یوم وفات کے حوالے سے خراج عقیدت پیش کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ قائداعظمؒ جیسا عظیم لیڈر صدیوں بعد پیدا ہوتا ہے۔ قائداعظمؒ نے قیام پاکستان کی جدوجہد میں اپنی صحت کی بھی پرواہ نہ کی۔

بھارت میں آج بھی مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک روا رکھا جاتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ 70 سال گزرنے کے بعد بھی ہندوئوں کے انتہاپسند رویوں نے علیحدہ وطن کیلئے قائداعظمؒ کے نظریات کو درست ثابت کیا۔ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سرکار کی طرف سے مسلسل آٹھ ہفتے سے جاری کرفیو اور لاک ڈائون کی مذمت کی گئی۔پنجاب کابینہ نے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں بدل دیا ہے۔ بھارت کی نام نہاد جمہوریت کا پردہ فاش ہو چکا ہے۔ پنجاب اور پاکستان کے عوام کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مودی موجودہ دور کا یزید بن چکا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں یزیدیت انتہا کو پہنچ چکی ہے۔ ظالم اور ظلم کے دن تھوڑے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی المیہ سے بچنے کیلئے دنیا کو ظالم کا ہاتھ روکنا ہوگا۔

کابینہ کے اجلاس میں عاشورہ محرم الحرام کے دوران عزاداروںکی سکیورٹی اورامن عامہ کیلئے انتظامات پرکابینہ کمیٹی برائے امن و امان کی کارکردگی کی تعریف کی اور چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس اور ان کی پوری ٹیم اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہا گیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ محرم الحرام خصوصاً یوم عاشور پرپنجاب میں امن وامان کی صورتحال کنٹرول میں رہی۔

محکموں اوراداروں نے جس طرح ایک ٹیم ورک کے طور پر کام کیا وہ قابل تحسین ہے۔ اجلاس میں پنجاب کابینہ کے 16 ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔اجلاس میں کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے 12 ویں اور 13 ویں اجلاس کے فیصلو ںکی بھی توثیق کی گئی۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر، صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات