عاشورہ محرم کے دوران متعلقہ اداروں نے بہترین انتظامات کر کے اہم کردار ادا کیا، محمد علی رندھاوا

بدھ 11 ستمبر 2019 19:53

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2019ء) ڈپٹی کمشنر راولپنڈی چوہدری محمد علی رندھاوا نے عاشورہ محرم کے دوران علم، تعزیہ اور ذوالجناح کے جلوسوں اور مجالس کے پرامن انعقاد کے لئے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام ، مذہبی سکالرز،قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت تمام سرکاری محکموں کے افسران اور عملے کی کاوشوں کو سراہا ہے۔

(جاری ہے)

بدھ کے روز ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ اجتماعی کوششوں سے عاشورہ محرم کے دوران امن وامان قائم رکھنے اور عزا داروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملی ہے - انہوں نے کہا کہ عاشورہ محرم کے دوران راولپنڈی شہر کے علاقوں میں صفائی اور دیگر بہترین انتظامات کرنے میں متعلقہ اداروں نے عوام کے باہمی تعاون سے اہم کردار ادا کیا جس کی وجہ سے شہریوں کو کسی قسم کی دقت اور پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا- انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کی طرح مذہبی اور دیگر تہواروں کے موقع پر بھی سب کو اسی جذبے کے ساتھ آپس میں باہمی یگانگت اور اتفاق و اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہیئے ۔