قائداعظم محمد علی جناح کے یوم وفات پر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا پیغام

بدھ 11 ستمبر 2019 19:57

قائداعظم محمد علی جناح کے یوم وفات پر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان ..
کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2019ء) بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے یوم وفات پر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ بانی پاکستان کا شمار دنیا کے اہم ترین رہنماؤں میں ہوتا ہے جن کی ولولہ انگیز قیادت میں دنیا کے نقشے پر ایک نئی اسلامی ریاست کا قیام ممکن ہوا،برصغیر کے مسلمان قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں متحد ہوکر اپنے لئے ایک آزاد اور خودمختار وطن کے حصول میں کامیاب ہوئے ،خطے کی آج کی صورتحال اور ہندوستان کے متعصبانہ رویے سے دو قومی نظریے کی اہمیت اجاگر ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

قائداعظم کے رہنما اصول اتحاد، تنظیم اور یقین محکم پر عملدرآمد آج کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کا دن اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ ہم مملکت خداداد پاکستان کی تعمیر وترقی اور تحفظ کے لئے قائداعظم کے اصولوں کو مشعل راہ بناتے ہوئے محنت اور خلوص نیت سے اپنا کردار ادا کریں گے۔ اللہ تعالیٰ پاکستان کی ہمیشہ حفاظت فرمائے،ہمیں اپنے وطن کی خدمت کرنے کی توفیق عطا کرے اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے درجات بلند فرمائے۔