وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا حیدرآباد کا دورہ

بدھ 11 ستمبر 2019 20:03

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا حیدرآباد کا دورہ
حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2019ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یوم عاشور پر حیدرآباد کا دورہ کیا اورحیدرآباد میں یوم عاشور کے حوالے سے حکومت سندھ کی جانب سے تشکیل کردہ سیکیورٹی پلان پر عملدرآمد، انتظامات کا جائزہ لینے اور عزاداروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا احوال لیا۔ دادن شاہ محلے سے بر آمد ہونے والے ماتمی جلوس کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کی سرحدوں پر پیدا ہونے والی صورتحال کے مدنظرحکومت سندھ کی جانب سے کسی بھی قسم کے نا خوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے صوبے بھر میں یوم عاشور کے حوالے سے سیکیورٹی کے مؤثر اقدامات کیے گئے ہیں۔

سید مراد علی شاہ نے علماء کی جانب سے محرم الحرام کے دوران مکمل تعاون کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اللہ پاک کے کرم سے کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اس سال عاشورے کے حوالے سے کافی خدشات تھے اس لیے سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات کیے گئے ہیں۔انہوں نے صوبے بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت پولیس اور رینجرز کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارے صوبے میں امن امان کے استحکام کیلئے دن رات کوششیں کر رہے ہیں اور ماضی میں بھی سندھ پولیس اور رینجرز کے کئی جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے عوام کو تحفظ فراہم کیا ہے اور ہم کبھی بھی پولیس اور رینجرز کی قربانیوں کو فراموش نہیں کر سکتے اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات سعید غنی ، اراکین سندھ اسمبلی شرجیل انعام میمن ، جام خان شورو ، عبدالجبار خان ، اے آئی جی پولیس حیدرآباد ڈاکٹر ولی اللہ دًل، کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ ، ڈی آئی حیدرآباد نعیم احمد شیخ ، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد عائشہ ابڑو ، ایس ایس پی عدیل چانڈیو اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔