مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر پاکستان نے ڈوزیئر تیار کرلیا

ڈوزیئر میں 1989 سے 2019 تک مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کا شکار ہونے والے افراد کے اعداد و شمار بھی پیش کیے گئے ، رپورٹ

بدھ 11 ستمبر 2019 20:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2019ء) پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کو بینقاب کرنے کیلئے بھارتی مظالم پر ڈوزیئر تیار کرلیا ہے۔مقبوضہ وادی میں بھارتی درندگی کے خلاف 115 صفحات پر مشتمل ڈوزیئر تیار کیا گیا ہے جس میں بھارتی غاصبانہ اقدامات کی تفصیل اور تصاویر بھی موجود ہیں۔ڈوزیئر میں بھارتی بربریت کا شکار لوگوں کے نام اور دیگر معلومات بھی شامل ہیں جسے جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

ڈوزیئر کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں 37 ویں روز بھی مکمل لاک ڈاؤن ہے اور کرفیو کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہیں، اشیائے خورونوش اور ادویات ختم ہونے سے انسانی بحران جنم لینے لگا ہے۔ڈوزیئر میں کہا گیا کہ مقبوضہ وادی میں فاشسٹ مودی سرکار نے کشمیریوں کی مذہبی آزادی بھی سلب کرلی، وادی میں 10 ویں محرم کے جلوس نہیں نکالنے دیے گئے۔

(جاری ہے)

ڈوزیئر میں بتایا گیا کہ 9 محرم الحرام کا جلوس نکالنے والوں پر بھارتی فوج نے بدترین لاٹھی چارج کیا، پیلٹس لگنے سے 12 عزادار زخمی ہوئے اور کئی کو گرفتار بھی کیا گیا۔

ڈوزیئر میں 1989 سے 2019 تک مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کا شکار ہونے والے افراد کے اعداد و شمار بھی پیش کیے گئے ہیں جس کے مطابق بھارتی فوج کے مظالم میں ایک لاکھ سے زائد افراد شہید ہوچکے ہیں۔ ایک لاکھ 65 ہزار سے زائد افراد گرفتار ہیں جبکہ 11 ہزار سے زائد خواتین کو زیادتی اور بیحرمتی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔