سیالکوٹ اور لندن کے درمیان پی آئی اے کی براہ راست پرواز کا آغاز

براہ راست پرواز سے سیالکوٹ اور ملحقہ علاقوں میں رہنے والے تارکین وطن کو بہت آسانی میسر ہو گی، وفاقی وزیر غلام سرور خان

بدھ 11 ستمبر 2019 20:57

سیالکوٹ اور لندن کے درمیان پی آئی اے کی براہ راست پرواز کا آغاز
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2019ء) سیالکوٹ اور لندن کے درمیان قومی ائیر لائن (پی آئی ای) کی براہ راست ہفتہ وار پرواز کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق بدھ کی صبح ساڑھے 6 بجے لندن سے سیالکوٹ کے لیے براہ راست پہلی پرواز پی کے 778 سیالکوٹ ائیرپورٹ پہنچ گئی ہے جو گزشتہ ایک سال کے دوران پی آئی اے کا دسواں نیا روٹ ہے۔

ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ پرواز پی کے 778 کی آمد پر آبی توپوں کی سلامی دی گئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے کہا کہ براہ راست پرواز سے سیالکوٹ اور ملحقہ علاقوں میں رہنے والے تارکین وطن کو بہت آسانی میسر ہو گی۔انہوں نے بتایا کہ سیالکوٹ سے لندن کے لیے ہفتہ وار پروازیں چلائی جائیں گی جس سے پی آئی اے کے ریونیو میں مزید اضافہ ہو گا۔لندن سے سیالکوٹ تک براہ راست پرواز کے آغاز پر وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اس سے کارگو بزنس کو بھی فروغ ملے گا۔ادھر سی ای او پی آئی اے ائیر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ ہماری یہ کوشش انشاء اللہ کامیاب رہے گی، تعاون پر ہم وفاقی وزیر غلام سرور خان کے بہت مشکور ہیں۔