ملکہ الزبتھ دوئم نے پاکستانی نژاد بزنس مین ضمیرچوہدری کو دار الامرا کا رکن منتخب کرلیا

بدھ ستمبر 21:04

ملکہ الزبتھ دوئم نے پاکستانی نژاد بزنس مین ضمیرچوہدری کو دار الامرا ..
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2019ء) ملکہ الزبتھ دوئم نے پاکستانی نژاد بزنس مین ضمیر چوہدری کو دار الامرا (ہاؤس آف لارڈ) کا رکن منتخب کرلیا۔ضمیر چوہدری کا نام سابق برطانوی وزیراعظم تھریسامیکی جانب مستعفی ہوتے وقت تجویز کیا گیا تھا جس کی منظوری ملکہ برطانیہ نے دی۔پاکستانی نژاد برطانوی بزنس مین ضمیر چوہدری بیسٹ وے گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر(سی ای او) ہیں اور موسٹ ایکسلینٹ آرڈر آف دا برٹس امپائر‘ اعزاز حاصل کرنے والے مشہور پاکستانی نژاد برطانوی تاجر اور چیئرمین بیسٹ وے گروپ سر انور پرویز کے قریبی عزیز ہیں۔

خیال رہے کہ سر انور پرویز کا شمار برطانیہ میں مقیم ایشیائی کمیونٹی کے امیرترین اور بااثر افراد میں ہوتا ہے۔ضمیر چوہدری 1958 میں راولپنڈی کی تحصیل گوجر خان میں پیدا ہوئے اور 12 سال کی عمر میں برطانیہ والد کے پاس گئے جہاں انہوں نے اعلیٰ تعلیم حاصل کی اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

(جاری ہے)

ضمیر چوہدری نے کہا ہے دارلامرا کا رکن منتخب ہونا ان کیلئے انتہائی اعزاز کی بات ہے اور وہ انتہائی مشکور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ کو انہوں نے ہمیشہ مواقعوں کی سرزمین سمجھا ہے اور وہ اس ملک کی ترقی میں مزید اپنا حصہ ملائیں گے۔بیسٹ وے گروپ ضمیر چوہدری کی قیادت میں پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والا برطانیہ کا ایک بڑا گروپ بنا اور انہی خدمات کے باعث انہیں 2018 میں صدر پاکستان نے ستارہ امتیاز سے نوازا۔ ضمیر چوہدری چند دنوں بعد اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔