پاکستان اور بھارت کے درمیان تناؤ میں کمی آگئی ہے، صدر ٹرمپ

اگر دونوں ملک چاہتے ہیں تو میں مدد کیلئے تیار ہوں، وہ جانتے ہیں میری پیشکش اب بھی برقرار ہے، میڈیا سے گفتگو

بدھ 11 ستمبر 2019 21:04

پاکستان اور بھارت کے درمیان تناؤ میں کمی آگئی ہے، صدر ٹرمپ
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2019ء) امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تناؤ میں کمی واقع ہوئی ہے۔وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے مابین مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیش کش کی۔انہوں نے کہا کہ اگر دونوں ملک چاہتے ہیں تو میں مدد کے لیے تیار ہوں، وہ جانتے ہیں میری پیشکش اب بھی برقرار ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ ان کے پاکستان اور بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 370 کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی سے متعلق سوال پر صدر ٹرمپ نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان کشمیر کے معاملے پر ایک تناؤ ہے، میرے خیال میں اس وقت ان دونوں ملکوں کے درمیان تناؤ میں کچھ کمی واقع ہوئی ہے، دو ہفتے پہلے جو تھا اب ویسا نہیں ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ بھارت نے 5 اگست کو راجیہ سبھا میں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا بل پیش کرنے سے قبل ہی صدارتی حکم نامے کے ذریعے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی اور ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر کو وفاق کے زیرِ انتظام دو حصوں میں تقسیم کردیا جس کے تحت پہلا حصہ لداخ جبکہ دوسرا جموں اور کشمیر پر مشتمل ہوگا۔بھارت نے یہ دونوں بل لوک سبھا سے بھی بھاری اکثریت کے ساتھ منظور کرالیے ہیں۔