دینی مدارس اسلام کے قلعے اور ہدایت کے سرچشمے ہیں‘ذکر اللہ مجاہد

دینی مدارس اور اس میں پڑھنے والے طلباء نے ہمیشہ ہر محاذ پر ملک کی نظریاتی وجغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کی ہے

بدھ 11 ستمبر 2019 21:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2019ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ دینی مدارس اسلام کے قلعے اور ہدایت کے سرچشمے ہیں۔ جمعیت طلبہ عربیہ اسلام کے تحفظ اور قرآن وسنت کی تعلیمات کے فروغ کا عالیٰ شان تنظیم ہے۔دینی مدارس اور اس میں پڑھنے والے طلباء نے ہمیشہ ہر محاذ پر ملک کی نظریاتی وجغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کی ہے۔

طلبہ کو اسلام کا تحقیقی علم حاصل کرنے اور اس کو عملاًً اپنانے کیلئے جمعیت طلبہ عر بیہ کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے جمعیت طلبہ عربیہکی47 ویںیوم تاسیس کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر منتظم اعلیٰ جمعیت طلبہ عربیہ پنجاب مولانا محمد قاسم اکبر ، منتظم اعلیٰ جمعیت طلبہ عربیہ لاہورسید احتشام الحق ، رہنما جمعیت طلبہ عربیہ قاری ابراہیم ، سید احتشام الحق شفقت منصوری سمیت بڑی تعداد میں طلبہ نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ جمعیت طلبہ عربیہ دینی مدارس کے طلبہ کے لیے محدود وسائل کے باوجود اسلام اورجدیدعلوم کے گہر ے مطالعے،اخلاق وکردار کی تطہیر وتعمیر،تحریر ی وتقریری،ذہنی وجسمانی صلاحیتوں کے فروغ کیلئے موثر نظام فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ اقامت دین کے جذبے کو فروغ دینے،ملک میں فرقہ واریت کے تدارک اور لادینیت کا راستہ روکنے کیلئے اپنے اخلاق و کردار کا مظاہرہ کریں اور قرآن وسنت کی تعلیمات سے رہنمائی لیں۔

موجودہ حالات میں قوم کی دین سے دوری معاشرتی اور ملکی مسائل کی اصل وجہ ہے۔ وطن عزیز سمیت پوراعالم اسلام آج جن مسائل سے دوچار ہے اس میں جمعیت طلبہ عربیہ کے کارکنان کی ذمہ داریاں پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکی ہیں کہ وہ اپنی پوری توجہ دینی علوم پر مرکوز رکھنے کے ساتھ ساتھ طلباء کے اندر اتحاد ویگانگت اور اقامت دین کی جدوجہد کیلئی ہر وقت تیار رہیں تاکہ اغیار کی تمام سازشیں ناکام اورملک کو اسلامی،فلاحی اور جمہوری ریاست کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے۔