محرم الحرام میں فراہمی آب کے بہتر انتظامات کرنے پر ایم ڈی کا واٹربورڈ انجینئرز سمیت تمام ملازمین کو خراج تحسین

بدھ ستمبر 21:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2019ء) واٹربورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر انجینئر اسداللہ خان نے بارشوں کے بعدکی صورتحال خصوصاً عشرہ محرم میں فراہمی ونکاسی آب کی بہتر فراہمی اور اس سے متعلق شکایات کے ازالے کیلئے انتھک محنت اور لگن سے کام کرنے پر واٹربورڈ انجینئرز سمیت تمام ملازمین کو خراج تحسین پیش کیا ہے ،انہوںنے کہا کہ دستیاب محدود وسائل اور کراچی کی طلب سے کہیں کم پانی کی دستیابی کے باوجود ملک کے سب سے بڑے اور کثیرالآبادی والے شہر کو پانی کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائی ، واٹربورڈ ملازمین نے جس لگن سے شہریوں کی خدمت کی ہے وہ قابل تعریف ہے ،تفصیلات کے مطابق ایم ڈی واٹربورڈ انجینئر اسد اللہ خان نے ایک بیان میں واٹربورڈ ملازمین کی شہر میں بارش کی بعد کی صورتحال خصوصاًعشرہ محرم میں بھرپور محنت اور لگن سے شہر اور شہریوںکی خدمت کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے ،انہوںنے کہا کہ شہر میں حالیہ دنوں ہونے والی معمول سے کہیں زیادہ بارشوں کے دوران برساتی پانی مین ہولز اور سیوریج لائنوں میں ڈالے جانے کے باعث واٹربورڈ کی 80سے زائد اہم سیوریج لائنیںدھنس گئی تھیں، اس سبب شہر کے مختلف علاقوں میں سیوریج اوورفلو کی شکایات پیدا ہوگئیں تھیں واٹربورڈ کے انجینئر ز افسران اور عملے نے دن رات محنت کرکے ان شکایات کا خاتمہ کیا دھنسیں لائنیں تبدیل کی گئیں ،جبکہ گٹروں سے ہٹائے گئے ڈھکن اور رنگ سلیب دوبارہ رکھے گئے ،شہر کو معمول کے مطابق دستیاب پانی فراہم کیا گیا ، انہوں نے کہا کہ عشرہ محرم کے دوران بھی واٹربورڈ کے تمام شعبہ جات نے دن رات بھرپورکام کیا ،مختلف علاقوں میں سیوریج اوورفلو اور لائن لیکیجز کا خاتمہ ممکن بنایا گیا،ہائیڈرنٹس اینڈ ٹینکرز سیل نے شہر کی تمام امام بارگاہوں ،مساجد ، سبلیوں ،استقبالیہ کیمپوں اور مجالیس کو ٹینکروں کے ذریعے پانی کی فراہمی ممکن بنائی،راڈنگ جیٹنگ اور سیورکلینگ مشینوںو ڈی واٹرنگ پمپس کے ذریعے سڑکوں پرجمع پانی صاف کیا گیا،اس ضمن میں واٹربورڈ کے ہیلتھ ورکرز نے اہم کردار ادا کیا ،انہوں نے کہا کہ واٹربورڈ ملازمین نے ایک دفعہ پھر سخت محنت اور لگن کا ثبوت دیا اور ثابت کردیا ہے کہ اگر لگن سچی ہوتو کوئی کام ناممکن یا مشکل نہیں ہوتا ہے ،انہوں نے توقع کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی واٹربورڈ کے جملہ ملازمین اپنی روایات برقراررکھیں گے اور شہر کو پانی کی فراہمی ونکاسی آب کی بہتر سہولیات کیلئے اپنی تمام تر سہولیات بروئے کار لائیں گے ۔