مقبوضہ کشمیر ،بھارتی فوجیوں نے سوپور میں نوجوان کو شہید کر دیا،38ویں روز بھی محاصرہ، پابندیاں جاری

بدھ 11 ستمبر 2019 21:27

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2019ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران بدھ کو سوپور میں ایک نوجوان کو شہید کر دیاجبکہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ علاقے کا محاصرہ بدھ کو 38ویں روز بھی جاری رہا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق آصف مقبول نامی نوجوان ایک کار میں سفر کر رہا تھا کہ بھارتی فوجیوں نے اسکی گاڑی پر گولیاں چلائیں جسکے نتیجے میں وہ شہید ہو گیا۔

قبل ازیں بھارتی فوجیوںنے سوپور قصبے کے مختلف علاقوں میں گھروں پر چھاپوں کے دوران کم از کم آٹھ نوجوانوں اعجاز میر، عمر میر ، توصیف نجار ، امتیاز نجار ، عمر اکبر ، فیضان لطیف ، دانش حبیب اور شوکت احمد میر کو گرفتار کر لیا۔ دریں اثنا پوری وادی کشمیر اور جموں خطے کی وادی چناب میں آج مسلسل 38ویں روز بھی کر فیو او ر پابندیاں برقراراور ذرائع ابلاغ کی معطلی کا سلسلہ جاری رہا۔

(جاری ہے)

دکانیں اور کاروباری مراکز بند جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی آمد ورفت معطل ہے ۔ نریندر مودی کی سربراہی میں قائم فرقہ پرست بھارتی حکومت کی طرف سے 5اگست کو کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد سے مقبوضہ وادی بھارتی فورسز کے سخت محاصرے میں ہے۔ موبائل فون، لینڈ لائن اور انٹرنیٹ سروسز معطل ہیں جس کی وجہ سے صحافیوں، طلباء ،تاجر وں اور مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

لوگوں کو بچوں کی غذا، زندگی بچانے والی ادویات اور دیگر بنیادی اشیائے ضروریہ کی سخت قلت کا سامنا ہے او ر مقبوضہ وادی شدیدانسانی بحران سے دوچار ہے۔ جموںخطے کے دو مسلمان رہنمائوں محمد حنیف کالس اور اشاد احمد ملک نے چناب والی کے اپنے حالیہ دورہ کے بعد جموںمیں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ علاقے میں ہر طرف بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی تعیناتی نے وادی کو ایک بڑی جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشتواڑ، رام بن، ڈوڈہ اور وادی چناب کے دیگر علاقوںمیںخوف ودہشت کا ماحول ہے۔ ادھر بھارتیہ جنتاپارٹی کے رہنما اور سابق بھارتی وزیر اننت کمار ہیگڑے نے سماجی رابطوں کی سائٹ ’ٹویٹر‘ پر جاری ایک پیغام میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر بطور احتجاج سول سروس سے مستعفی ہونے والے سسی کانت سینتھل کو دھمکی دی ہے کہ وہ پاکستان چلے جائیں۔ سسی کانت نے چھ ستمبر کو یہ کہہ کر استعفادیا تھا کہ نریندر مودی اپنے اقدام کے ذریعے جمہوری اصولوں کو کھوکھلا کر رہے ہیں۔