کوڈ آف کنڈکٹ اور آئی جی کی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے‘ سی سی پی او

تشدد کرنے والے پولیس افسروں کا کسی پلیٹ فارم پر دفاع نہیں کروں گا، سخت کارروائی کی جائے گی‘بی اے ناصر

بدھ 11 ستمبر 2019 22:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2019ء) سی سی پی او لاہور بی اے ناصر نے کہا ہے کہ زیر حراست یا گرفتار ملزموں کے بھی حقوق ہوتے ہیں۔ کوڈ آف کنڈکٹ اور آئی جی پولیس کی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔ تشدد یا بدسلوکی کرنے والے پولیس افسروں کا کسی پلیٹ فارم پر دفاع نہیں کروں گا بلکہ سخت کارروائی کی جائے گی۔ وہ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن انعام وحید، سی ٹی او کیپٹن (ر) ملک لیاقت، ایس ایس پی ایڈمن اطہر وحید، ایس ایس پی آپریشنز اسماعیل کھاڑک، ڈویژنل ایس پیز، تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔

سربراہ لاہور پولیس نے عشرہ محرم بالخصوص یوم عاشور پر فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے پر تمام پولیس افسروں اور جوانوں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ عوام نے یوم عاشور پر لاہور پولیس کے اچھے ٹیم ورک پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

اچھی کارکردگی پر وزیراعلیٰ پنجاب اور آئی جی پولیس کی شاباش لاہور پولیس کے لئے اعزاز ہے۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ یوم عاشور پر پولیس سکیورٹی ڈیوٹی کے ساتھ ساتھ شہریوں کی خدمت بھی کرتی رہی۔

شہریوں کے ساتھ حسن سلوک سے پولیس کے بارے میں اچھا پیغام گیا۔ عوام کی جان ومال کا تحفظ اور خدمت پولیس کا اولین فرض ہے۔ سی سی پی او نے زوردیا کہ محرم الحرام کے جذبے کو آئندہ بھی برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھانوں میں شہریوں اور ملزموں سے بدسلوکی پر زیرو ٹالرنس ہے۔ پریشانی یا مصیبت کے وقت تھانے آنے والوں کے ساتھ محبت اور ہمدردی سے پیش آئیں۔