Live Updates

طورخم سرحد کو 24 گھنٹے کھلا رکھنے کے اقدام سے پاکستان اور افغانستان دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت کو فروغ ملے گا،تیمور سلیم

جب سے طورخم سرحد کو 24 گھنٹے کے لئے کھولا گیا ہے اس کے فوری اثرات ملنا شروع ہو گئے ہیں، اب تک 2500 سے زائد کارگو گاڑیوں نے نائٹ شفٹ سے فائدہ اٹھایا ہے،وزیرخزانہ خیبرپختونخوا

بدھ 11 ستمبر 2019 22:35

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2019ء) خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سیلم جھگڑا نے کہا ہے کہ طورخم سرحد کو 24 گھنٹے کھلا رکھنے کے اقدام سے پاکستان اور افغانستان دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت کو فروغ دینے کے علاوہ معیشت کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔ اس سلسلے میں حکومت خیبر پختونخوا اور وفاقی حکومت کے اقدامات سے افغانستان اور خطے کے دوسرے ممالک کی برآمدات میں بھی اضافہ ہوگا۔

بدھ کے روز یہاں سے جاری شدہ اپنے بیان میں صوبائی وزیر خزانہ نے کہا کہ جب سے طورخم سرحد کو 24 گھنٹے کے لئے کھولا گیا ہے اس کے فوری اثرات ملنا شروع ہو گئے ہیں اور اب تک 2500 سے زائد کارگو گاڑیوں نے نائٹ شفٹ سے فائدہ اٹھایا ہے۔ نائٹ شفٹ جو بھر پور طریقے سے چل رہی ہے اس سے نہ صرف گاڑیوں کے رش میں کمی واقع ہوئی ہے بلکہ اس کی بدولت کارگو ٹریفک میں 56 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

اور روزانہ طورخم سرحد کو عبور کرنے والی گاڑیوں کی تعداد 586 سے بڑھ کر 917 ہو گئی ہے۔تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے عزم ، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی قیادت اور وزیر اعظم کے مشیر شہزاد ارباب کی کاوشوں سے طورخم سرحد کا 24 گھنٹے کھلا رہنا ممکن ہو گیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے پورے ہفتے طورخم سرحد کو کھلا رکھنے کے اقدام کو ممکن بنانے کیلئے 70 ملین روپے دئے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے وزریر اعظم آفس ، نیشنل لاجسٹک سیل، فرنٹیئر کور، فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی، نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کیساتھ باہمی شراکت سے 6 ماہ کے اندر طورخم سرحد کو 24 گھنٹے کھلا رکھنا ممکن بنایا۔ وزیر موصوف نے کہا کہ گزشتہ روز طورخم سرحد کے دورہ کے دوران وہ زیرو لائن پر افغان حکام سے ملیںاور دونوں اطراف طورخم سرحد کو 24 گھنٹے کھلا رکھنے کے فوائد پر متفق ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے بھی کہا ہے کہ پاکستان افغانستان اور دوسرے ممالک کو دوستی کا ہاتھ بڑھانے پر یقین رکھتاہے۔ انہوں نے کہا کہ طورخم سرحد کو 24 گھنٹے کھلا رکھنے میں تمام اداروں نے اہم کردار ادا کیا ہے اور ہم اسی بنیاد پر افغانستان کے ساتھ دیگر کراسنگ پوائنٹس کو کھولنے پر بھی کام کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات