بلوچستان میں جماعت اسلامی عوام کی آوازبن کر ان کی حالت بدل دیگی ، مولانا عبدالحق ہاشمی امیر جماعت اسلامی بلوچستان

بدھ 11 ستمبر 2019 22:37

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2019ء) جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ بلوچستان میں جماعت اسلامی عوام کی آوازبن کر حکمرانوں حقوق چھین کر غریب عوام کی حالت بدل دیگی جماعت اسلامی ہی تبدیلی لاسکتی ہے ۔15ستمبر عوامی مارچ عوام کے حقوق کے حصول ،مظلوم کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی اور کرپشن ونااہل حکمرانوں کے خلاف عوام کا توانا آواز ثابت ہوگا عوامی مارچ کی کامیابی غریب محب دین ووطن عوام کی کامیابی ہے عوامی مارچ میں شرکت کیلئے ہر طبقہ فکر کے لوگوں کو دعوت دے رہے ہیں یہ مارچ بلاتفریق رنگ نسل وزبان سب کے حقوق کے حصول کامارچ ہے ۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے مختلف اضلاع میں عوامی مارچ تیاریوں کے حوالے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں بے روزگاری،بدامنی ،نارواغیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے اورسی پیک میں بلوچستان کا مناسب حصہ دلانے اور کشمیری عوام کو مظالم سے نجات دینے کیلئے عوام 15ستمبر عوامی مارچ میں شرکت کریں اگر ہم خاموش رہے اور اسی لوٹ مار کرنے والوں کے نعروں وباتوں میں آتے رہے تو مسائل حل ہونے کے بجائے مزید بڑھ جائیں گے حکمرانوں کی بے حسی ولوٹ مار کی وجہ سے بلوچستان کے وسائل کو لوٹاجارہا ہے صوبے کے وسائل کی امانت ،ان کو یہاں کے عوام پرخر چ کرنے والا کوئی نہیں ۔

(جاری ہے)

موجودہ حکومت کے دعوے کے مطابق گزشتہ دس سالو ں میں بلوچستان میں تیس ہزارکروڑروپے کی کرپشن کی گئی ہے کرپٹ ممبران اسمبلی ،کرپٹ افراد،موجودہ یاسابقہ بیوروکریسی کی ملہی بھگت کی وجہ سے کرپشن زوروں سے جاری ہے اس میں نیب اور عدلیہ کی بھی ملی بھگت شامل ہیں بلوچستان میں کرپٹ اشرافیہ پارٹی بدل بدل کر لوٹی ہوئی دولت کے ذریعے عوام پر ناجائز طریقے سے مسلط ہوتے ہیں ملکی ادارے بلوچستان کی ظالم اشرافیہ کو پوری سرپرستی حاصل ہے جماعت اسلامی کے کارکنان مظلوم عوام کے ساتھ صوبے کے ظالم اشرافیہ کے خلاف نوجوانوں اور عوام کو منظم وفعال کرنے میں کردارادا کریں۔

جماعت اسلامی ے بلوچستان کے سلگتے مسائل کو حل کرنے ،کرپٹ مافیا کو بے نقا ب کرنے اورحکمرانوں کو خواب غفلت سے بیدارکرنے کیلئے بلوچستان کو حق دوبلوچستان بھی پاکستان ہے مہم شروع کر رکھی ہے انشاء اللہ اس مہم کے بدولت لٹیرے بے نقاب، عوامی مسائل اجاگر اور حل کی راہ متعین ہوگی ۔بلوچستان کو حقوق نہ دینے کی وجہ سے صوبے کے مسائل حل ہونے کے بجائے اس میں مزید اضافہ ہورہا ہے جو لمحہ فکریہ ہے ملک کے دیگر صوبوں میں میگاپراجیکٹ ترقی وخوشحالی کے ترقیاتی کام قیام پاکستان سے جاری ہے جبکہ مظلوم بلوچستان کے عوام مظلوم ہی رہے ہیں بلوچستان میں بجلی کی ناروالوڈشیڈنگ ،بے روزگاری ،سی پیک کے ثمرات سے محرومی نے عوام کو مزید احساس محرومی کا شکار کر دیا ہے جماعت اسلامی اس ظلم کے خلاف جدوجہد کر رہی ہے بلوچستان کو حقوق دینے ،عوامی اجتماعی مسائل حل ہونے تک ہماری جدوجہد جاری رہیگی۔