Live Updates

اسلام آباد میں دھرنے کا فیصلہ مولانا فضل الرحمن کا اپنا ہے، ہماری انہیں اخلاقی حمایت حاصل ہوگی،بلاول بھٹو زرداری

بدھ 11 ستمبر 2019 22:43

اسلام آباد میں دھرنے کا فیصلہ مولانا فضل الرحمن کا اپنا ہے، ہماری انہیں ..
حیدرآباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں دھرنے کا فیصلہ مولانا فضل الرحمن کا اپنا ہے، ہماری انہیں اخلاقی حمایت حاصل ہوگی،عوام کے مسائل کو پیپلز پارٹی سمجھتی ہے اور اسے حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد میں پی پی پی رہنما اور رکن صوبائی اسمبلی سردار ملک اسد سکندر کی والد ہ کے انتقال پران سے تعزیت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ، رکن قومی اسمبلی نواب یوسف تالپور اور دیگر بھی موجود تھے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ قوم کشمیر پر کوئی کوتاہی برداشت نہیں کرے گی۔

(جاری ہے)

شہید ذوالفقار علی بھٹو کہتے تھے کہ میں خواب میں بھی کشمیر پر کوئی غلطی کا سوچ بھی نہیں کرسکتا ۔انہوں نے کہا کہ منتخب وزیر اعظم پوری دنیا سے کشمیر کے حق میں آواز بلند کراسکتا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کو پوری دنیا میں جانا چاہئے ۔ایک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اسلام آباد میں دھرنے کا فیصلہ مولانا فضل الرحمن کا اپنا ہے ہماری انہیں اخلاقی حمایت حاصل ہوگی ۔ انہوں نے کہاکہ کراچی میں صفائی کے نام پر فوٹو سیشن کیا گیا، عوام کے مسائل کو پیپلز پارٹی سمجھتی ہے اور اسے حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے -
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات