وفاق المدارس العربیہ پاکستان ایبٹ آباد کے زیراہتمام آزادی کشمیر و استحکام پاکستان ریلی نکالی گئی

مدارس دینیہ کے دو کروڑ سے زائد طلباء پاک فوج کے شانہ بشانہ ہیں اور ایک آواز پر لبیک کہیں گے۔ مقررین کا خطاب

بدھ 11 ستمبر 2019 22:47

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2019ء) وفاق المدارس العربیہ پاکستان ایبٹ آباد کے زیراہتمام آزادی کشمیر و استحکام پاکستان ریلی نکالی گئی۔ کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے مسئول وفاق المدارس ایبٹ اباد مولانا حبیب الرحمن کی قیادت میں ہزاروں طلباء مدرسین علماء کرام نے مظلوم کشمیری بھائی بہنوں سے اظہار یکجہتی کیلئے مرکزی جامع مسجد سے ختم نبوت چوک تک تاریخی ریلی نکالی۔

بدھ کے روز اظہار یکجہتی ریلی میں مرکزی رہنما وفاق المدارس مولانا قاضی عبدالرشید، اسسٹنٹ ایڈیشنل کمشنر قمر اعوان، مولانا عبدالوحید، مولانا انیس الرحمن، مفتی نادر، مفتی زین العابدین، ڈسٹرکٹ خطیب مولانا عبدالواجد، مولانا مفتی زبیر صلاح، مولانا یوسف شاہ، راولپنڈی کے معروف عالم دین مولانا عبدالغفار توحیدی، مفتی آصف، مولانا منیب، مولانا احمد الحسینی، مفتی جعفر طیار، مولانا شفیع الرحمن، مولانا شیر محمد، مولانا مزمل شاہ، قاری شفیع الله، مولانا عبدالصبور، قاری خالد، مفتی احمد فراز، مولانا شکیل اختر، مولا نا صدیق شریفی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں پر ظلم و جبر کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنے گے، مدارس دینیہ کے دو کروڑ سے زائد طلباء پاک فوج کے شانہ بشانہ ہیں اور ایک آواز پر لبیک کہیں گے۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ دنیا کشمیر کے مظلوم مسلمانوں پر ہونے والے ظلم پر اپنا مثبت کردار ادا کرے اور تنازعہ کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرے، آزادی کشمیر علماء ریلی میں ایبٹ آباد بھر سے سینکڑوں علماء اور دینی مدارس کے وابستگان مدارس کے طلباء شریک ہوئے۔ آزادی کشمیر علماء ریلی ہزارہ بھر کے منبر و محراب سے کشمیریوں کے حق میں صدائے احتجاج بلند کرنے کا باعث بنے گی، اپنی نوعیت کی منفرد ریلی سے دنیا کو یہ پیغام دیا گیا کہ دیگر طبقات کی طرح علماء کرام کی حمایت اور دعائیں بھی کشمیری مسلمانوں کے ساتھ ہیں۔