عمران صاحب آپ کی نالائقی، نااہلی اور جھوٹ کا پول ہر گلی ہر محلے میں کھل چکا ہے‘مریم اورنگزیب

بدترین سیاسی انتقام اور حکومتی قوت سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کرکے تاریخ میں آپ کا نام سیاہ حروف میں لکھاجائے گا

بدھ 11 ستمبر 2019 23:04

عمران صاحب آپ کی نالائقی، نااہلی اور جھوٹ کا پول ہر گلی ہر محلے میں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے حمزہ شہباز کا جیل میں گھر کا کھانا بند کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ عمران صاحب آپ نے ثابت کر دیا کہ چھوٹا آدمی کو بڑی کرسی پہ مسلط کر دیا گیا ہے ،عمران صاحب ہماری بدقسمتی ہے کہ ہمارا مخالف بزدل اور کم ظرف انسان ہے ۔ انہوںنے کہاکہ عمران صاحب اوچھی اور کم ظرف حرکتوں سے ہم جھکنے والے نہیں، ہم منت کریں، یہ آپ کی حسرت ہی رہے گی۔

(جاری ہے)

انڈر ٹرائل ملزم کو جیل مینوئل حق دیتا ہے کہ اسے گھر کا کھانا فراہم کیاجاسکتا ہے ۔حمزہ شہباز نے آمر کے دور کا بھی ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے ۔عمران صاحب نوازشریف اور اس کے شیروں کو بھوکا، پیاسا رکھ کر ان کے حوصلے نہیں توڑے جاسکتے۔عمران صاحب آپ کی نالائقی، نااہلی اور جھوٹ کا پول ہر گلی ہر محلے میں کھل چکا ہے۔بدترین سیاسی انتقام اور حکومتی قوت سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کرکے تاریخ میں آپ کا نام سیاہ حروف میں لکھاجائے گا۔