پاک چین مشترکہ اعلامئے میں مقبوضہ کشمیر کا ذکر ہونے پر بھارت سیخ پا

بدھ 11 ستمبر 2019 23:04

پاک چین مشترکہ اعلامئے میں مقبوضہ کشمیر کا ذکر ہونے پر بھارت سیخ پا
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2019ء) بھارت نے چین کے وزیرخارجہ وانگ ژی کے دورہ پاکستان کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے میں مقبوضہ کشمیر کا ذکر کرنے پر تشویش کا اظہار کردیا۔خیال رہے کہ وانگ ژی 7 اور 8 ستمبر کے دوران پاکستان کے دورے پر تھے اور اس دوران انہوں نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات بھی کی تھی، جس کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری ہوا تھا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے پاک چین مشترکہ اعلامیے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کو آزاد کشمیر میں پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) سے متعلق سرگرمیاں بند کرنی چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ 'ہم چینی وزیر خارجہ کے حالیہ دورے کے دوران چین اور پاکستان کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے میں جموں و کشمیر کا حوالہ مسترد کرتے ہیں کیونکہ جموں و کشمیر بھارت کا اہم حصہ ہے۔

(جاری ہے)

رویش کمار کے مطابق بھارت نے آزاد جموں و کشمیر میں سی پیک کے منصوبوں پر پاکستان اور چین دونوں سے مسلسل تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے یہ دعویٰ کیا کہ یہ بھارت کا حصہ ہے اور اس پر غیر قانونی طور پر پاکستان نے 1947 سے قبضہ کر رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم تمام متعلقہ جماعتوں سے اس طرح کے کام کو بند کرنے کی درخواست کرتے ہیں۔