ڈینگی پر قابو پانے کے لیے تمام تر سہولیات بروئے کار لائی جائیں، ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان

ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کے لئے بیڈز اور ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، وزیر صحت خیبر پختونخوا

بدھ 11 ستمبر 2019 23:24

پشاور۔11ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2019ء) وزیر صحت خیبر پختونخوا ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے سیکرٹری ہیلتھ، ڈی جی ہیلتھ سمیت صوبے کے تمام ڈی ایچ اوز اور ایم ایس کو ہدایات جاری کی کے ڈینگی پر قابو پانے کیلئے تمام تر سہولیات کو بروئے کار لایا جائے۔ وزیر صحت نے کہا کہ تمام متاثرہ علاقوں میں ڈینگی سپرے باقاعدگی سے کیا جائے لوگوں کی شکایات سننے کے لیے اپنے دفاتر میں سیل قائم کیا جائے اور ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کے لئے بیڈ مختص کیے جائیں ۔

وزیر صحت نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ڈینگی کی ادویات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اگر کسی ہسپتال کے پاس فنڈز نہیں ہے تم میرے پاس آئے میں ہنگامی بنیادوں پر ادویات کے لیے فنڈز جاری کروں گا چاہے مجھے اپنی جیب سے ہی کیوں نہ کرنا پڑے عوام کو علاج کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی آج ہم جس مقام پر ہیں عوام کی وجہ سے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر صحت نے ڈی جی ہیلتھ خیبر پختونخوا کو ہدایات جاری کیں کے روزانہ کی بنیادوں پر صوبہ بھر سے ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی فہرست تیار کی جائے اور انہیں آگاہ کیا جائے، وزیر صحت نے اس بات کی بھی سختی سے تاکید کی تمام معزز میڈیا کے رپورٹرز کو روزانہ کی بنیادوں پر ڈینگی کی صورتحال سے آگاہ کیا جائے۔ وزیر صحت نے اس موقع پر تمام لوگوں سے ڈینگی کو کنٹرول کرنے میں تعاون کی اپیل کی اور کہا کہ محکمہ صحت اور حکومت خیبر پختونخوا ڈینگی کو کنٹرول کرنے کے لئے اپنی مخلصانہ کوششیں کر رہی ہے عوام سے درخواست ہے کہ کھلے عام کچرا نہ پھینکیں اور صفائی کا خاص خیال رکھیں خاص طور پر صاف اور گندے پانی کو جمع نہ ہونے دیں۔

حکومت خیبرپختونخوا کا عزم ہے کہ عوام کو اعلی بنیادی سہولیات مہیا کی جائیں مگر عوام کے تعاون کے بغیر حکومت کچھ نہیں کر سکتی۔