مسلم لیگ (ن )کو اللہ تعالیٰ کے بعد کلثوم نواز شریف کی دعائیں ہیں اِس کا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا ،مریم اور نگزیب

نوازشریف کلثوم نواز کا نامکمل ایجنڈا مکمل کررہے ہیں ، قائداعظم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے بیگم کلثوم نواز جمہوری اصولوں کے لئے آمر کے سامنے ڈٹ گئیں،جھوٹے الزامات لگانے والوں کو اللہ تعالی اور قوم سے معافی مانگنی چاہئے، تعزیتی ریفرنس سے خطاب قائدین نے جیل سے واضح پیغام دیا ہے کوئی ڈیل نہیں ہوگی،فضل الرحمن کے مارچ میں نون لیگ شرکت کریگی، سینیٹر سعدیہ عباسی

بدھ 11 ستمبر 2019 23:32

مسلم لیگ (ن )کو اللہ تعالیٰ کے بعد کلثوم نواز شریف کی دعائیں ہیں اِس ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2019ء) مسلم لیگ (ن) کی ترجما ن مریم اور نگزیب نے کہاہے کہ مسلم لیگ (ن )کو اللہ تعالیٰ کے بعد کلثوم نواز شریف کی دعائیں ہیں اِس کا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا ،نوازشریف کلثوم نواز کا نامکمل ایجنڈا مکمل کررہے ہیں ، قائداعظم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے بیگم کلثوم نواز جمہوری اصولوں کے لئے آمر کے سامنے ڈٹ گئیں،جھوٹے الزامات لگانے والوں کو اللہ تعالی اور قوم سے معافی مانگنی چاہئے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے مادر جمہوریت بیگم کلثوم نواز کی پہلی برسی پر منعقدہ تعزیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج کی تقریر میری زندگی کی مشکل ترین تقریر ہے کیونکہ آج میری ماں کو ہم سے پچھڑے ایک سال ہو گیا ،الفاظ بے بس ہیں ، کوئی الفاظ نہیں جن سے میں اپنے غم کا اظہار کر سکوں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ ن کو اللہ تعالیٰ کے بعد کلثوم نواز شریف کی دعائیں ہیں اِس کا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا ۔

انہوںنے کہاکہ کلثوم نواز شریف نے اپنی جدوجہد کے دوران جہاں جہاں قدم رکھا آج تک وہاں مسلم لیگ ن زندہ ہے ۔ انہوںنے کہاکہ آج کوٹ لکھپت میں ایک شخص بہت رنجیدہ ہوگا لیکن وہ کلثوم نوازشریف صاحبہ کا نا مکمل ایجنڈا پورا کر رہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ ن کو کلثوم نواز شریف کی دعائیں ہیں ، مسلم لیگ ن کے پاس نوازشریف کی قیادت اور شہباز شریف کی رہنمائی ہے ۔

انہوںنے کہاکہ کلثوم نوازشریف صاحبہ کی دیرینہ ساتھی نجمہ حمید صاحبہ کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں ۔ انہوںنے کہاکہ کلثوم نوازشریف نے اپنے عزم، بہادری اور سیاسی بصیرت سے جمہوریت کے لئے تاریخی کردار ادا کیا ۔ انہوںنے کہاکہ انہوں نے جمہویت کے لئے ایک ماں کی طرح کردار ادا کیا۔ انہوںنے کہاکہ خالص مشرقی عورت کی طرح عوام کے حقوق کے لئے گھر سے باہر نکل کربے مثال جدوجہد کی۔

انہوںنے کہاکہ قائداعظم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے بیگم کلثوم نواز جمہوری اصولوں کے لئے آمر کے سامنے ڈٹ گئیں،وہ سخت اور مشکل ترین حالات میں بھی اللہ تعالی کی مدد سے صبرواستقامت کا پیکر ثابت ہوئیں۔ انہوںنے کہاکہ دین سے خصوصی رغبت، علم وادب، رحم دلی و ایثار ان کی گھٹی میں تھا ۔ انہوںنے کہاکہ انہوں نے کبھی اپنے کارناموں، خوبیوں کا بیان پسند نہ کیا۔

انہوںنے کہاکہ عاجزی، انکساری، خداترسی اور دوسروں کی بے پناہ عزت ان کا شعار رہا۔انہوںنے کہاکہ وہ سیاست میں جدوجہد کرنے والی خواتین کے لئے ایک عمدہ مثال بن کر ابھریں۔ انہوںنے کہاکہ بالخصوص خواتین کارکنان کی عزت، بیٹیوں، بہنوں پر شفقت اور ماں کی طرح برتاو ان کا خاصا تھا۔ انہوںنے کہاکہ پاکستانی سیاست کا المیہ ہے کہ جمہوریت کے لئے قربانیاں دینے والی عزت دار خاتون کی بیماری کا مذاق اڑایا گیا ۔

انہوںنے کہاکہ قوم کو ان کرداروں کی مذمت کرنی چاہئے جنہوں نے عوامی حقوق کے لئے لڑنے والی ایک جراتمند خاتون کے سفر آخرت پر بھی سیاست کی ۔ انہوںنے کہاکہ آج ان عناصر کی شرمندگی کا دن ہے جو آخری سانسیں لیتی بیگم کلثوم نواز پر اپنی نفرتوں کے تیر چلارہے تھے ۔ انہوںنے کہاکہ آج منفی سوچوں، جھوٹے تبصروں اور متعصبانہ بیانات کی برسی ہے، آج جھوٹ کے سوداگروں کے لئے یوم شرمندگی ہے۔

انہوںنے کہاکہ جھوٹے الزامات لگانے والوں کو اللہ تعالی اور قوم سے آج معافی مانگنی چاہئے۔ انہوںنے کہاکہ بیگم کلثوم نواز جمہوریت کے آسمان کا روشن ستارہ ہیں، ان کی جدوجہد خواتین کی رہنمائی کرتی رہے گی ۔ انہوںنے کہاکہ آج شیرنی ماں کی شیرنی بیٹی جمہوریت، عوامی حقوق اور قانون کی سربلندی کے لئے ڈٹی ہوئی ہے۔ انہوںنے کہاکہ مریم نواز اپنی والدہ کی تاریخ دہرا رہی ہے۔

انہوںنے کہاکہ مریم نواز کی صورت میں بیگم کلثوم نواز کی آج کی جدوجہد میں ہم سب ان کے ساتھ ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ تمام اسیرِ جمہوریت کو کلثوم نواز شریف صاحبہ کی دعائیں ہیں ۔انہوںنے کہاکہ اللہ کریم بیگم کلثوم نواز کے درجات بلند فرمائے اور ان کے اہلخانہ، ان سے محبت، عقیدت اور وابستگی رکھنے والوں کو صبر دے۔ڈاکٹرطارق فضل چوہدری نے کہاکہ محترمہ کلثوم نواز مرحومہ کی جمہوریت کیلئے گراں قدر خدمات ہیں، مادر جمہوریت نے بیماری کے باوجود کٹھن حالات کا دلیری سے مقابلہ کیا۔

ہر وہ شخص جس نے ووٹ دیا یا نہیں دیا آج وہ شدید پریشان ہے۔سینیٹر سعدیہ عباسی نے کلثوم نواز کے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قائدین نے جیل سے واضح پیغام دیا ہے کہ کوئی ڈیل نہیں ہوگی،مولانا فضل الرحمن کے آزادی مارچ میں مسلم لیگ ن شرکت کرے گی۔قائم مقام صدر پنجاب مسلم لیگ ن حنیف عباسی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دعائیہ تقریب کا انعقاد انتہائی خوش آئند ہے،شیر کی زندہ اور حقیقی مثال مریم اورنگزیب ہے۔

انہوںنے کہاکہ لندن جانے سے پہلے طاہرہ اورنگزیب سے دو سے اڑھائی گھنٹے ملاقات کی،جیل میں ہم چار لوگ تھے جب بیگم کلثوم نواز کی فوتگی کی اطلاع ملی۔ انہوںنے کہاکہ مجھے یہ شرف حاصل رہا کہ اس وقت نواز شریف کے ساتھ رہا۔ انہوںنے کہاکہ جو عزت سردار نسیم کو ملی ہے وہ کوئی اور نہیں چھین سکتا۔خواجہ سعد رفیق جیسا بندہ آج کال کوٹھڑی میں پڑا ہوا ہے،اسی چکی میں آج حمزہ شاہد خاقان عباسی جیل میں پڑا ہوا ہے۔

انہوںنے کہاکہ جیسے آپ نے حنیف عباسی کو یاد رکھا ایسے ہی یاد رکھنا ہو گا۔ انہوںنے کہاکہ جیل اسی بنیاد پر کاٹی جاتی ہے جب لوگ آپ کے ساتھ ہیں۔انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ کو کسی نے نہیں ہرایا آپس کے اختلافات ہیں،کسی کے مرنے سے کوئی ایم پی اے نہیں بنتا۔ انہوںنے کہاکہ نواز شریف کوٹ لکھپت جیل میں آپ کی جنگ لڑ رہا ہے شہباز شریف نے راولپنڈی کیلئے کیا نہیں کیا۔ انہوںنے کہاکہ اللہ کے بعد شہباز شریف نے میرے اور میرے بچوں کی مدد کی میں اس کیلئے دعا گو ہوں۔