Live Updates

پیر نور الحق قادری کا دوبارہ عمرہ کی ادائیگی پر لاگو فیس ختم کرنے کا سعودی حکومت کا خیر مقدم

وزیر اعظم عمران خان اور وزارت مذہبی امور کی کاوشیں رنگ لے آئیں، وفاقی وزیرمذہبی امور

بدھ 11 ستمبر 2019 23:32

پیر نور الحق قادری کا دوبارہ عمرہ کی ادائیگی پر لاگو فیس ختم کرنے کا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2019ء) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے دوبارہ عمرہ کی ادائیگی پر لاگو فیس ختم کرنے کا سعودی حکومت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزارت مذہبی امور کی کاوشیں رنگ لے آئیں۔ ایک بیان میں وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہاکہ سعودی حکومت کی جانب سے دوبارہ عمرہ پر 2 ہزار ریال فیس ختم کرنے کا اعلان خوش آئندہ ہے۔

پیر نور الحق قادری نے کہاکہ سعودی وزارت حج و عمرہ نے پاکستانی وزارت مذہبی امور کو باضابطہ طور پر آگاہ کردیا۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان ہر سال عمرہ ادائیگی کرنے والے ممالک میں سرفہرست ہے، ہر سال تقریبا 16 لاکھ پاکستانی عمرہ کی سعادت حاصل کرتے ہیں۔پیر نور الحق قادری نے کہاکہ امید ہے اس شرط کے ختم ہونے پر عمرہ زائرین کی تعداد 20 لاکھ سے تجاویز کرجائے گی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ حکومت اور وزارت مذہبی امور شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان نے ولی عہد کے دورہ پاکستان کے دوران معاملہ اٹھایا تھا۔انہوںنے کہاکہ وزارت مذہبی امور سعودی وزیر حج محمد صالح بنتن کے بھی شکرگزار ہے، دوبارہ عمرہ فیس ختم کرنے سے پاکستانیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔پیر نور الحق قادری نے کہاکہ پاکستانی عوام نے سعودی حکام کے فیصلے کا خیرمقدم اور اسے احسن اقدام قرار دیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات