پنجاب حکومت نے صوبے کی پانچ یونیورسٹیز میں قائم مقام وائس چانسلرز تعینات کر دیئے‘ نوٹیفکیشن جاری

بدھ ستمبر 23:42

لاہور۔11 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2019ء) پنجاب حکومت نے صوبے کی پانچ یونیورسٹیز میں قائم مقام وائس چانسلرز تعینات کر دیئے جن کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے بدھ کے روز جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں ڈاکٹر حسن امیر شاہ، یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور میں ڈاکٹر رئوف اعظم، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں ڈاکٹر اطہر محبوب، فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی میں ڈاکٹر ثمینہ امین قادر اور گورنمنٹ صادق کالج فار ویمن یونیورسٹی بہاولپور میں ڈاکٹر عظمیٰ قریشی کو عارضی چارج دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق مذکورہ پانچوں جامعات میں قائم مقام وائس چانسلرز کا چارج 31 اکتوبر 2019ء تک دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور، یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور، فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی اور گورنمنٹ صادق کالج فار ویمن یونیورسٹی بہاولپور میں مستقل وائس چانسلرز کی چار سالہ مدت ملازمت 26 اگست 2019ء کو ختم ہو گئی تھی۔