لاہور،ٹریفک حادثہ میں سروسز ہسپتال کی نرس پروشا کومل چل بسی ،خاوند زخمی

بدھ 11 ستمبر 2019 23:45

لاہور۔11 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2019ء) تیز رفتار ٹرک کی ٹکر سے شدید زخمی ہونے والے میاں بیوی کو انتہائی تشویشناک حالت میں لاہور جنرل ہسپتال لایا گیا جہاں سروسز ہسپتال کی 30سالہ نرس پروشا کومل زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئیں جبکہ اُن کا خاوند سیمن ولیم جنرل ہسپتال میں زیر علاج ہے ۔ گزشتہ روز سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے پرنسپل پروفیسر محمود ایاز نے سروسز ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر سلیم شہزاد چیمہ ،نرسنگ سپرنٹنڈنٹ فضیلت لال کے ہمراہ ایل جی ایچ میں داخل سیمن ولیم کی عیادت کی ۔

اس موقع پر جنرل ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر محمود صلاح الدین بھی موجود تھے ۔بعد ازاں پرنسپل سمز محمود ایاز نے اپنی ٹیم کے ہمراہ یوحنا آباد میں متوفی نرس پروشا کے گھر جا کر اُن کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور مالی امداد دی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر محمود ایاز و دیگر کا کہنا تھا کہ پروشا کومل انتہائی فرض شناس نرس تھی۔

اُن کے اچانک پچھڑ جانے سے سروسز ہسپتال کا ماحول سوگوار اور اُس کی ساتھی نرسیں افسردہ ہیں۔پرنسپل نے لواحقین کو یقین دلایا کہ حکومتی پالیسی کے مطابق پروشا کومل کے تمام واجبات اور دیگر مراعات کی جلد ادائیگی کیلئے بھرپور کوششیں کی جائیں گی جبکہ ایم ایس جنرل ہسپتال ڈاکٹر محمود صلاح الدین کا کہنا تھاکہ سیمن ولیم کے علاج پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے اور اُس کی دیکھ بھال اور صحت یابی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ۔