آئی جی پنجاب سے برٹش ہائی کمیشن کے دو رکنی وفد کی ملاقات

دوران ملاقات دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پنجاب پولیس کی کاروائیوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

بدھ 11 ستمبر 2019 23:53

آئی جی پنجاب سے برٹش ہائی کمیشن کے دو رکنی وفد کی ملاقات
لاہور۔11 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2019ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس کی کائونٹر ٹیررزم فورس (سی ٹی ڈی ) دہشت گردوں کے قلع قمع کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مصروف ہے جن کی بدولت صوبے میں دہشت گردی کے گراف میں ہر برس نہ صرف نمایاں کمی ریکارڈ کی جارہی ہے بلکہ گذشتہ کئی برسوں کی طرح رواں برس بھی عشرہ محرم الحرام بالکل پر امن گذرا ہے ۔

انہوں نے مزید کہاکہ دہشت گردوں کے ساتھ ساتھ انکے سہولت کاروں اور، فنانشل نیٹ ورک کے خاتمے کو یقینی بنایا جارہا ہے تاکہ شرپسندی کے عناصرکا جڑ سے خاتمہ ممکن ہوسکے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ پولیس اہلکاروں کی جدید خطوط پر پیشہ ورانہ تربیت اور استعداد کار میں اضافہ محکمے کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں دیگر ممالک کی پولیس فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ دو طرفہ تعاون کو مزید بڑھایا جائے گا ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں بر ٹش ہائی کمیشن کے دو رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ برٹش وفد میںنئے تعینات ہونے والے میٹرو پولیٹن پولیس کائونٹرز ٹیررزم لائیزون آفیسرمسٹرمیٹ پوٹس جبکہ رخصت ہونے والے مسٹر مارک ایمری شامل تھے جبکہ اس موقع پردہشت گردی کے خلاف پنجاب پولیس کی کاروائیوں ، پولیس فورس کی پیشہ ورانہ ٹریننگ سمیت باہمی دلچسپی کے امور زیر بحث آئے۔

برٹش وفد نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پنجاب پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہاکہ دہشت گرد اور سماج دشمن عناصر کے خلاف پنجاب پولیس کی بروقت کاروائیاں قابل ستائش ہیں جبکہ ساتھ ہی عوام کو سروس ڈلیوری کی فراہمی کیلئے ہونے والے اقدامات بالخصوص پولیس خدمت مراکز کا قیام بین الاقوامی سٹینڈرڈ کے عین مطابق ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال میں پنجاب پولیس بلاشبہ پاکستان کی نمبر ون پولیس فورس ہے خصوصا سیف سٹی لاہورآئی سی تھری پراجیکٹ ترقی یافتہ ممالک میں نصب جدید مانیٹرنگ اور سرویلنس نظام کے برابر ہے اور پنجاب پولیس کے ساتھ انفارمیشن شئیرنگ اور پیشہ ورانہ تعاون کو مستقبل میں مزید بڑھایا جائے گا ۔

ملاقات کے آخر میں آئی جی پنجاب اور برٹش میٹرو پولیٹن پولیس کائونٹرز ٹیررزم لائیزون افسران کے درمیان یادگاری شیلڈز کا تبادلہ ہوا۔