پاکستان سیالکوٹ، جموں اور راجستھان سیکٹرز میں بڑی کارروائی کی تیاریاں کررہا ہے

عالمی برادری کی مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے مودی کا بے بنیاد الزام، اپنی فوج کی دوڑیں بھی لگوا دیں

muhammad ali محمد علی بدھ 11 ستمبر 2019 23:39

پاکستان سیالکوٹ، جموں اور راجستھان سیکٹرز میں بڑی کارروائی کی تیاریاں ..
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 ستمبر2019ء) پاکستان سیالکوٹ، جموں اور راجستھان سیکٹرز میں بڑی کارروائی کی تیاریاں کررہا ہے، عالمی برادری کی مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے مودی کا بے بنیاد الزام، اپنی فوج کی دوڑیں بھی لگوا دیں۔ تفصیلات کے مطابق بابری مسجد کی شہادت اور گجرات میں مسلمانوں کے قتلِ عام کے حوالے سے ’’گجرات کا قصاب‘‘ کے نام سے شہرت رکھنے والے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے دہشت گردی کو بنیاد بناکر پاکستان کے خلاف زہراگلنا شروع کردیا ہے۔

مسلمانوں کے قاتل بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیر میں جاری انساںی حقوق کی خلاف ورزیوں سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کیلئے نئی سازش تیار کر لی ہے۔ مودی نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان بھارت پر حملے کی تیاری کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

نریندر مودی نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان سیالکوٹ، جموں اور راجستھان سیکٹرز پر بھارت کیخلاف کاروائی کر سکتا ہے۔

مودی نے پاکستان پر سنگین اور بے بنیاد الزام عائد کرتے ہوئے اپنی فوج کی دوڑیں بھی لگوا دی ہیں۔ مودی اپنی اس چال کے ذریعے دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر سے ہٹانا چاہتا ہے تاہم اس کی یہ چال الٹا بھارتی فوج اور عوام کو خوف میں مبتلا کرنے کا باعث بن گئی ہے۔ مودی پاکستان پر حملے کی تیاری کا الزام عائد کر رہا ہے، جبکہ درحقیقت مودی خود پاکستان کیخلاف جارحیت کا ارادہ رکھتا ہے اور اس کی حکومت کے وزیر تو ایٹمی جنگ تک کی دھمکیاں دے چکے ہیں۔

بھارتی فوج گزشتہ چند ہفتوں کے دوران متعدد مرتبہ لائن آف کنٹرول پر جارحیت کا مظاہرہ کر چکی ہے۔ بدلے میں بھارتی فوج نے پاک فوج کے ہاتھوں بری طرح مار بھی کھائی ہے، تاہم مودی سرکار کی ڈھٹائی پھر بھی ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی۔ جبکہ یہاں وزیراعظم اور عسکری قیادت دنیا کو واضح پیغام دے چکی ہے کہ پاکستان جارحیت میں پہل نہیں کرے گا، تاہم بھارت نے جارحیت دکھانے کی کوشش کی تو پاکستان خاموش نہیں بیٹھے گا اور اپنے دفاع کیلئے بھرپور و منہ توڑ جواب دے گا۔