نئے ڈومیسٹک سیزن کیلئے معیاری پچز کی تیاری کا کام جاری‘ کھلاڑیوں کو بہترین اورمعیاری پچز کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں‘، چیف کیوریٹر پی سی بی آغا زاہد

بدھ ستمبر 23:55

لاہور۔11 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2019ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ڈومیسٹک سیزن 20-2019 کیلئے معیاری پچز تیار کی جارہی ہیں‘آئندہ ڈومیسٹک سیزن 14 ستمبر سے 24 اپریل تک جاری رہے گاجس میں قائداعظم ٹرافی، قومی ٹی ٹونٹی کپ اور پاکستان کپ ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے مقابلے ہوں گے‘ نئے ڈومیسٹک سیزن کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پچز کی تیاری موسمِ گرما کے آغاز سے شروع کردی گئی تھی۔

یہ بات چیف کیوریٹر پی سی بی آغا زاہد نے اپنے ایک بیان میں کہی۔انہوں نے کہاکہ ملک میں 10 مہینے گرمی کا موسم رہتا ہے اس لیے ہم گراؤنڈز کی تیاری میں گرم موسم کے گھاس کا استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پچز کی تیاری کیلئی15 اپریل سے مئی کے اختتام تک کاوقت موزوں ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک سیزن 20-2019 میں تمام ایسوسی ایشن کی کرکٹ ٹیموں کو ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر میچز کھیلنے ہیں‘ ملک بھر کے کرکٹ سنٹرز میں میچز کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے پی سی بی کیوریشن ڈیپارٹمنٹ نے ریفریشر کورسز کا انعقاد کیا ہے‘ریفریشر کورسز میں شرکاء کو متوقع چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مربوط حکمت عملی سے آگاہ کیا گیا۔

سنٹرل پنجاب، سدرن پنجاب، ناردرن، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختون خواہ کرکٹ ایسوسی ایشنز میں کام کرنے والے تما م پچ کیوریٹرز نے ریفریشر کورسز میں شرکت کی۔ آغا زاہد نے کہا کہ تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں کو بہترین اور یکساں معیار کی پچز کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں تاکہ شائقین کرکٹ بہترین کھیل سے محظوظ ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ پی سی بی کی نئی انتظامیہ نے پچز کے معیار کی بہتری کو ترجیح دے رکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک سیزن میں مقابلے کی فضا بڑھانے کیلئے پی سی بی کیوریشن ڈیپارٹمنٹ میں تعلیمی قابلیت اور وسیع تجربہ رکھنے والے افراد کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے‘ اب پی ایچ ڈی اور ایم فل کی تعلیم یافتہ افراد ہمارے ساتھ کام کریں گے۔ آغا زاہد نے کہا کہ ملک کے ہر بڑے سنٹر میں سوئل سائنسدان اور اگرانومسٹ سمیت ماہر افرادگراؤنڈز اور پچز کی تیاری میں پی سی بی کیوریٹرز کا ساتھ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 3 لاکھ اسکوائر فٹ پر مشتمل قذافی اسٹیڈیم کو اپ گریڈ کیا جاچکا ہے‘ ایک دہائی بعد کوئٹہ میں ڈومیسٹک میچ کے کامیاب انعقاد کی امید ہے‘2 سال قبل قذافی اسٹیڈیم لاہور اور نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے پورے گراؤنڈ پر گھاس اگا دیا گیا تھا تاہم سیزن 20-2019 کے آغاز سے قبل ملتان کرکٹ اسٹیڈیم کے گراؤنڈ کو بھی مکمل گھاس سے کوور کردیا گیا ہے۔ چیف کیوریٹر پی سی بی نے کہا کہ جدید طرز پر پچز کی تیاری کے لیے افرادی قوت کے ساتھ ساتھ مشینری کا استعمال کیا گیا ہے‘غیرمتوقع بارش سمیت موسم کی بدلتی صورتحال سے نمٹنے کے لیے سپر سوپرز اوروکٹ موورز سمیت جدید مشینری دستیاب ہے۔