قوم کو بانیان کے پاکستان کو عظیم ملک بنانے کے خواب کو پورا کرنا چاہئے، صدر عارف علوی

جمعرات 12 ستمبر 2019 01:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2019ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم کو بانیان کے پاکستان کو عظیم ملک بنانے کے خواب کو پورا کرنا چاہئے۔ انہوں نے اپنے ٹوئیٹر پیغام میں کہا کہ آئیں ہم سب قائداعظم محمد علی جناح کی 71 ویں برسی کے موقع پر پاکستان ) ملک( دینے کیلئے ان کی کاوشوں اور جدوجہد کو یاد کریں اور ان کے اتحاد، یقین اور تنظیم کے مشوروں پر عمل کریں اب ہمیں پاکستان کو دنیا میں عظیم ترین ملک بنانے کے بانیان کے خواب کو ہر صورت میں شرمندہ تعبیر کرنا چاہئے۔

قائداعظم محمد علی جناح کی 71 ویں برسی بدھ کے روز 11 ستمبر کو منائی گئی۔ قائداعظم محمد علی جناح 25 دسمبر 1876ء کو پیدا ہوئے وہ ایک قانون دان ، مایہ ناز سیاستدان اور بانی پاکستان تھے۔

(جاری ہے)

جناح نے 1913ء سے لے کر قیام پاکستان یعنی 14 اگست 1947ء تک آل انڈیا مسلم لیگ کی قیادت کی اور اس کے بعد وہ اپنی وفات تک پاکستان کے پہلے گورنر جنرل تھے۔ دریں اثناء پنجاب کے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزردار نے کہا ہے کہ برصغیر ہند کے مسلمانوں کیلئے آزاد وطن کے حصول کو قائداعظم محمد علی جناح کی فعال اور متحرک قیادت میں عملی جامہ پہنایا گیا۔

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج ہم آزاد قوم کے طور پر زندگی گزار رہے ہیں تو یہ قائداعظم محمد علی جناح کی وجہ سے ہے و ہ ایک جرات مند اور اصولی رہنما تھے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم کے اتحاد، تنظیم اور یقین محکم کے اصول ملکی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہیں اور ان سنہری اصولوں پر عمل کر کے پاکستان تمام بحرانوں سے نکل سکتا ہے۔