بھارت کشمیری راہنماﺅں کے ساتھ سیاسی روابط بحال کرئے. امریکا

متنازع علاقے میں وعدے کے مطابق انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا جائے. ترجمان اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 12 ستمبر 2019 10:45

بھارت کشمیری راہنماﺅں کے ساتھ سیاسی روابط بحال کرئے. امریکا
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔12 ستمبر۔2019ء) امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے بھارت پر زور دیا ہے کہ کشمیری راہنماﺅں کے ساتھ سیاسی روابط بحال کیے جائیں اور متنازع علاقے میں جس قدر جلد ممکن ہو وعدے کے مطابق انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا جائے. امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی ترجمان مورگن اورٹاگس نے اپنے بیان میں بھارت پر زور دیا ہے کہ کشمیر میں بحالی کے لیے کچھ اہم اقدامات کیے جائیں جو 5 اگست کو بھارتی حکومت کی جانب سے یک طرفہ طور پر مقبوضہ وادی کی ختم کی گئی خصوصی حیثیت کے بعد سے کرفیو کا سامنا کررہا ہے.

(جاری ہے)

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق انہوں نے کہا کہ مقامی راہنماﺅں سے سیاسی رابطے بحال کرنے اور وعدے کے مطابق جلد انتخابات کے لیے ہم بھارتی حکومت کے منتظر ہیں. مورگن اورٹاگس نے کہاکہ امریکا کو سیاسی و تجارتی راہنماﺅں کی گرفتاریوں سمیت بڑے پیمانے پر ہونے والی گرفتاریوں اور مقامی افراد پر نافذ پابندیوں پر سخت تشویش ہے‘ہمیں مذکورہ خطے میں انٹرنیٹ اور موبائل فونز تک رسائی پر پابندی کے حوالے سے بھی فکرات لاحق ہیں.

ترجمان اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے کہا کہ ہم حکام پر زور دیتے ہیں کہ انسانی حقوق کا احترام کریں اور انٹرنیٹ اور موبائل فونز جیسی سہولیات تک رسائی بحال کی جائے‘واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارت کے غیر قانونی قبضے کا خاتمہ چاہتے ہیں، ان کی شکایات دور کرنے کے بجائے امریکا کی جانب سے سیاسی اصلاحات کا مطالبہ اس بات غماز ہے کہ واشنگٹن کو جموں کشمیر کی صورتحال پر اب بھی تحفظات ہیں.

اس مطالبے سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ امریکا بھارتی کی جانب سے وادی کشمیر کی صورتحال معمول پر ہونے کے دعوے سے اتفاق نہیں کرتا‘قبل ازیں پیر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر پاکستان اور بھارت کے مابین ثالثی کی پیشکش کا اعادہ کیا تھا. اس حوالے سے واشنگٹن میں موجود سفارتی ذرائع کا کہنا تھا کہ بھارت کے سخت اعتراضات کے باوجود ٹرمپ کا میڈیا میں ثالثی کی پیشکش کرنا مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے خدشات کو ظاہر کرتا ہے.