آرٹیکل 149کی تجویزپر پیپلزپارٹی‘جی ڈی اے اور پاک سرزمین پارٹی یک زبان

ایسی کسی بھی تجویزکو صوبائی خودمختاری پر حملہ تصور کیا جائے گا‘وزیرقانون وفاقی دارالحکومت کراچی واپس لانے کی تجویزدیں. سعیدغنی‘پیر پگارا اور رضا ہارون کا ردعمل

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 12 ستمبر 2019 11:15

آرٹیکل 149کی تجویزپر پیپلزپارٹی‘جی ڈی اے اور پاک سرزمین پارٹی یک زبان
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔12 ستمبر۔2019ء) سندھ کے وزیراطلاعات سعید غنی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے پاس کوئی اختیار نہیں کہ وہ صوبائی حکومت کو اپنے کنٹرول میں لے سکے‘ آرٹیکل 149 پر ردعمل دیتے ہوئے انہوںکہا کہ صوبائی حکومت کو وفاق کے ماتحت لانے کو کچھ نہ ملا تو یہ آرٹیکل 149نکال کرلے آئے ہیں. پنجاب میں امن و امان کی صورتحال زیادہ خراب ہے وہاں 149 کا نفاذ زیادہ بہتر ہے‘سعید غنی نے کہا کہ وفاق کو سندھ حکومت ایک سال سے کھٹک رہی ہے ان کو صوبائی حکومت برداشت نہیں، سندھ کے لوگ بھی اس ملک کا حصہ ہیں ان کا مینڈیٹ تسلیم کیا جانا چاہیے.

(جاری ہے)

وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کا کہا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومت کو ہدایات دے سکتی ہے، آرٹیکل 149میں ایسا کوئی اختیار نہیں کہ وفاق صوبائی حکومت سے کنٹرول لے. انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال یا معیشت کو نقصان ہونے کی صورت میں آرٹیکل 149کام میں لایا جاسکتا ہے، کچرا، سیوریج اور اس طرح کے دیگر مسائل آرٹیکل 149 کے زمرے میں نہیں آتے.

گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے سربراہ پیرپگارا نے اپنے ردعمل میں کہاکہ کراچی کو الگ کرنے کی بات ناقابل فہم اور ناقابل قبول ہے جبکہ پاک سرزمین پارٹی(پی ایس پی) کے سیکرٹری جنرل رضا ہارون نے بھی آرٹیکل 149 کی مخالفت کردی ہے. جی ڈی اے کے سربراہ پیر پگارا نے وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم کے بیان پرحیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کو الگ کرنے کی بات ناقابل فہم اور ناقابل قبول ہے.

پیرپگارا نے کہا کہ فروغ نسیم کو بہت سوچ سمجھ کر بات کرنی چاہیے تھی، اس وقت بھی سیکورٹی کے اعتبار سے کراچی زیادہ محفوظ ہے، کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کی بات درست نہیں. انہوں نے کہا کہ بھارت سے ہجرت کرکے آنے والوں کی اکثریت نے کراچی میں قیام کو ترجیح دی مگر اچانک دارالحکومت کو کراچی سے اسلام آباد منتقل کر دیا گیا، جس سے خزانے سے اربوں روپے خرچ ہوئے.

پیرپگارا نے کہا کہ اس وقت کے دارالحکومت میں رہنے والوں کو کیوں منتقل نہیں کیا گیا؟ فروغ نسیم کو چاہیے کہ وہ دارالحکومت کراچی واپس لانے کا مطالبہ کریں. دوسری جانب پی ایس پی نے بھی آرٹیکل 149 کی مخالفت کی ہے، سیکرٹری جنرل رضا ہارون نے کہا کہ آرٹیکل 149 کراچی کے مسائل کا حل نہیں، یہ صوبائی خودمختاری پر حملہ تصور کیا جائے گا. رضا ہارون نے کہا کہ افسوس وزیر اعظم اور وفاقی حکومت کراچی کے مسائل کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے‘انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کراچی کے لیے فوری طور پر 5 ارب روپے کا ریلیف فنڈ جاری کریں.